فاسٹ بولر محمد عباس نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں عمران خان کا ریکارڈ برابر کردیا
پاکستانی فاسٹ بولر محمد عباس نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں سابق کپتان عمران خان کا ریکارڈ برابر کردیا۔ محمد عباس فرسٹ کلاس کرکٹ میچ میں 13ویں مرتبہ 10 وکٹیں حاصل کرکے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور فاسٹ بولر عمران خان کے برابر آگئے۔
محمد عباس نے یہ سنگ میل قائداعظم ٹرافی کے پانچویں راؤنڈ میں لاہور بلیوز کی جانب سے کھیلتے ہوئے فاٹا ریجن کے خلاف عبور کیا۔انہوں نے پہلی اننگ میں 22 اوورز میں 6 وکٹیں صرف 39 رنز دے کر حاصل کیں، جن میں 10 میڈن اوور بھی شامل تھے۔ْ دوسری اننگ میں بھی شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے محمد عباس نے 35 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔
فرسٹ کلاس کرکٹ میں 13 ویں بار 10 وکٹیں حاصل کرنے پر محمد عباس، وسیم اکرم، وقار یونس اور عمران خان جیسے لیجنڈری فاسٹ بولرز کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں۔محمد عباس اس فہرست میں عمران خان کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں جب کہ وقار یونس 14 بار اور وسیم اکرم 16 بار 10 وکٹیں لے کر پہلے نمبر پر ہیں۔
اس کے علاوہ محمد عباس رواں قائداعظم ٹرافی کے دوسرے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بھی ہیں، انہوں نے اب تک 31 وکٹیں حاصل کی ہیں اور ان کی اوسط 14.39 اور اکانومی ریٹ صرف 2.35 ہے۔
محمد عباس نے اس ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ میڈن اوورز (60) بھی کیے ہیں۔خیال رہے محمد عباس نے پاکستان کی جانب سے آخری ٹیسٹ میچ اگست 2021 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلا تھا۔