آئی سی سی ورلڈ کپ کوالیفائر میں دو میچزمنگل کو کھیلے جائیں گے

پہلا میچ میزبان زمبابوے اور نیدرلینڈز کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا

0 49

ہرارے (شوریٰ نیوز) آئی سی سی ورلڈ کپ کوالیفائر میں دو میچزمنگل کو کھیلے جائیں گے،پہلا میچ میزبان زمبابوے اور نیدرلینڈز کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا،آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے کوالیفائر میچز کا آغاززمبابوے میں ہوچکا ہے ۔کوالیفائر میں کل منگل کو مزید دو میچوں کا فیصلہ ہوگا۔ پہلا میچ میزبان زمبابوے اور نیدرلینڈز کی ٹیموں کے درمیان ہرارے سپورٹس کلب ، ہرارے میں کھیلا جائے گا۔زمبابوے کی ٹیم کو کریگ اروین لیڈ کر رہے ہیں جبکہ نیدرلینڈز کی ٹیم سکاٹ ایڈورڈز کی زیر قیادت میدان میں اترے گی۔اسی روز دوسرا میچ نیپال اور امریکا کی ٹیموں کے درمیان تاکاشینگا سپورٹس کلب، ہرارے میں کھیلا جائے گا۔ نیپال کی ٹیم کوروہت پاوڈیل لیڈ کر رہے ہیں جبکہ امریکا کی ٹیم کو مونک پٹیل لیڈ کریں گے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل آئی سی سی کے مطابق آئی سی سی کے زیر اہتمام رواں سال شیڈول ورلڈ کپ میں جگہ بنانے کے لئے 10 ٹیمیں کوالیفائر میں مدمقابل ہیں ۔ سابق ورلڈ چیمپئنز ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کی ٹیمیں بھی براہ راست ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی نہ کر سکیں۔وہ بھی کوالیفائر میچز میں پنجہ آزمائی کر رہی ہیں۔ شیڈول کے مطابق ویسٹ انڈیز، زمبابوے، نیدرلینڈز، نیپال اور یو ایس اے کی ٹیموں کو گروپ اے میں شامل کیا گیا۔ سری لنکا، آئرلینڈ، سکاٹ لینڈ، اومان اور یو اے ای گروپ بی کا حصہ ہوں گی۔ کوالیفائر میچز 9 جولائی تک زمبابوے میں کھیلے جائیں گے۔ واضح رہے پہلی مرتبہ کوالیفائر کے سپر سکس مرحلے میں ڈی آر ایس کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.