پنڈی ٹیسٹ کا دوسرا روز: انگلینڈ نے 3 وکٹوں پر 24 رنز بنا لیے، 53 رنز کا خسارہ باقی

0 4

تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کے کھیل کے اختتام پر انگلش ٹیم نے دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 24 رنز بنالیے اور اسے پاکستان کی پہلی اننگز کا خسارہ پورا کرنے کیلئے مزید 53 رنز کی ضرورت ہے۔

ٹیسٹ کے دوسرے دن شان مسعود اور سعود شکیل نے 73 رنز تین کھلاڑی آؤٹ سے اننگز آگے بڑھائی، اسکور 99 ہوا کپتان 26رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ رضوان آئے ایک چھکا، ایک چوکا لگایا اور 25 رنز بنا کر لوٹ گئے۔ سلمان آغا ایک اور عامر جمال 14 رنز بنا سکے۔

177 رنز اور سات کھلاڑی آؤٹ ہوگئے تو ایسے میں سعود شکیل کا ساتھ نعمان علی نے دیا اور 88 رنز کی قیمتی شراکت لگائی، اسی دوران سعود نے اپنی چوتھی سنچری مکمل کی۔ نعمان 5 رن کی کمی کے باعث ففٹی مکمل نہ کر سکے۔ نعمان گئے تو ساجد آ گئے۔ انہوں نے بھی سعود کا خوب ساتھ نبھایا، دو چوکے اور چار چھکے بھی لگائے۔

ان کی تھوڑی پر گیند بھی لگی لیکن بیٹنگ جاری رکھی، ٹیم کا اسکور 337 پر پہنچا تو سعود شکیل 134 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد آخری وکٹ زاہد محمود کی گری اور پاکستان کا اسکور 344 رنز رہا، اس کے ساتھ ہی حریف ٹیم پر 77 رنز کی برتری حاصل کی۔

ساجد 48 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

انگلینڈ کے ریحان احمد نے 4، شعیب بشیر نے 3 اور ایٹکنسن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

انگلینڈ نے دوسری اننگز 77 رنز کے خسارے کے ساتھ شروع کی، 15 کے اسکور پر ساجد نے پہلی وکٹ لی اور اگلے اوور میں نعمان نے کرالی کی اننگز تمام کی اور پھر اولی پاپ کو بھی پویلین پہنچا دیا۔ دن کے اختتام پر انگلینڈ کا اسکور تین وکٹ پر 24 رنز تھا۔ روٹ پانچ اور بروک تین رن پر ناٹ آؤٹ ہیں۔

پاکستان کو اب بھی 53رنز کی برتری حاصل ہے۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.