سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچز سیریز،شاہین آفریدی کی واپسی
سیریز کیلئے 16رکنی قومی ٹیسٹ سکواڈ میں بابراعظم کپتان ہوں گے
لاہور(شوریٰ نیوز)سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچز سیریز،شاہین آفریدی کی واپسی،سیریز کیلئے 16رکنی قومی ٹیسٹ سکواڈ میں بابراعظم کپتان ہوں گے،سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے ہفتے کے روز پاکستانی کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا گیا۔ چیف سلیکٹر ہارون رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے16رکنی قومی ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان کیا۔ شاہین آفریدی دوبارہ ٹیسٹ سکواڈ کا حصہ ہوں گے جبکہ محمد حریرہ اور عامر جمال کو پہلی بار ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے ۔ 16رکنی قومی ٹیسٹ سکواڈ میں بابراعظم ( کپتان ) ،محمد رضوان ( نائب کپتان و وکٹ کیپر ) ،عامر جمال، عبداللہ شفیق، ابرار احمد ،حسن علی، امام الحق، محمد حریرہ، محمد نواز، نسیم شاہ، نعمان علی، سلمان علی آغا، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)، سعود شکیل، شاہین آفریدی اور شان مسعود شامل ہیں جبکہ مورنے مورکل بولنگ کوچ ہوں گے۔ سری لنکا کے خلاف ہونے والی دو ٹیسٹ میچوں کی یہ سیریز دراصل تیسری آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پاکستان ٹیم کی پہلی سیریز ہوگی۔ ٹیم کا انتخاب سری لنکا کی کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے جس میں چار سپنرز ،چار فاسٹ بالرز ،چھ مستند بیٹسمین اور دو وکٹ کیپرز شامل ہیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی کو ٹیسٹ میچوں میں وکٹوں کی سنچری مکمل کرنے کے لیے صرف ایک وکٹ درکار ہے،شاہین شاہ آفریدی کے 3دسمبر 2018کو ٹیسٹ ڈیبیو کے بعد سے کوئی بھی پاکستانی بائولر ان سے زیادہ وکٹیں نہیں لے سکا ۔وہ تمام منتخب کھلاڑیوں بالخصوص محمد حریرہ اور عامر جمال کو مبارکباد دیتے ہیں جو اپنی عمدہ کارکردگی کی وجہ سے ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ۔ سری لنکا کی کنڈیشنز اور چیلنجز کو دیکھتے ہوئے ٹیم کی سلیکشن کی گئی ہے،یہ تیسری آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں ہماری پہلی سیریز ہے اور یہ سکواڈ ہمیں اچھا آغاز فراہم کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ سری لنکا میں کنڈیشنز فنگر سپنرز کے لیے موافق ہوتی ہیں، پاکستانی ٹیم کے گزشتہ دورے میں ہم یہ بات دیکھ چکے ہیں جس کی بنا پر ہم نے اس طرح کے تین سپنرز ٹیم میں رکھے ہیں جن میں مسٹری سپنر ابرار احمد بھی شامل ہیں۔ فاسٹ بائولرز کی بھی اپنی اہمیت ہے لہذا ٹیم میں چار فاسٹ بالرز کا انتخاب کیا گیا ہے تاکہ کپتان اور ٹیم مینجمنٹ کے پاس دورے میں مناسب وسائل موجود ہوں،بیٹنگ لائن مضبوط ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ ان دو ٹیسٹ میچوں میں وہ اچھا پرفارم کرے گی۔