قومی جونیئر ٹیم کے کھلاڑیوں کا سائوتھ ایشین جونیئر اتھلیٹکس چیمپئن شپ کی تیاری کے سلسلہ میں تربیتی کیمپ
پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے زیر اہتمام قومی جونیئر ٹیم کے کھلاڑیوں کا سائوتھ ایشین جونیئر اتھلیٹکس چیمپئن شپ کی تیاری کے سلسلہ میں تربیتی کیمپ پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں شروع ہو گیا ہے۔
گزشتہ روز پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر ریٹائرڈ وجاہت حسین نے بتایا کہ تربیتی کیمپ میں 13 کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا ہے جن میں عمار ابراہیم آفریدی، محمد حسنین، عطاء اللہ، محمد منیر، انس خان، محمد شرجیل، محمد شاہد، محمد اسماعیل، محمد بلال، محمد فرحان اور محمد شیراز شامل ہیں اور خواتین میں ایزا احمد شامل ہے۔ ان کھلاڑیوں کو کوالیفائیڈ کوچز چوہدری اصغر علی گل، رفیق احمد اور سیمی رضوی تربیتی دے رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قومی جونیئر ٹیم سائوتھ ایشین اتھلیٹکس چیمپئن شپ میں شرکت کرے گی، یہ چیمپئن شپ آئندہ ماہ 11 ستمبر سے چنائی، بھارت میں کھیلی جائے گی۔ چیمپئن شپ میں سات ممالک کی مرد اور خواتین کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں پاکستان سمیت میزبان بھارت، مالدیپ، نیپال، بھوٹان، بنگلہ دیش اور سری لنکا کی ٹیمیں شامل ہیں۔ چیمپئن شپ میں مردوں اور خواتین کے پندرہ، پندرہ کیٹگریز کے مقابلے رکھے گئے ہیں۔
مردوں کے ایونٹ میں 100 میٹر ریس، 200 میٹر ریس ، 400 میٹر ریس، 800 میٹر ریس، 1500 میٹر ریس، تین ہزار میٹر ریس، 110 میٹر رکاوٹی ریس، لونگ جمپ، ٹرپل جمپ، ہائی جمپ، شاٹ پٹ، ڈسک تھرو، جیولین تھرو، 4×100 میٹر ریلے اور 4×400 میٹر ریلے شامل ہیں جبکہ خواتین کے مقابلوں میں 100 میٹر ریس، 200 میٹر ریس ، 400 میٹر ریس، 800 میٹر ریس، 1500 میٹر ریس، تین ہزار میٹر ریس، 100 میٹر رکاوٹی ریس، لونگ جمپ، ٹرپل جمپ، ہائی جمپ، شاٹ پٹ، ڈسک تھرو، جیولین تھرو، 4×100 میٹر ریلے اور 4×400 میٹر ریلے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ 13 ستمبر تک جاری رہے گی۔