پیرس اولمپکس، اٹلی کی ویمن باکسر کا پہلے راؤنڈ کے 46 سیکنڈز بعد ہی لڑنے سے انکار
پیرس اولمپکس کے ویمن باکسنگ ایونٹ میں اٹلی کی اینجلا کیرنی نے الجیریا کی باکسر ایمانے خیلف کے خلاف پہلے راؤنڈ کے صرف 46 سیکنڈز کے بعد ہی لڑنے سے انکار کردیا۔
اٹلی کے باکسر اینجلا کیرنی کا کہنا تھا کہ یہ نا انصافی ہے کیونکہ اُن کے خیال میں الجیرین حریف خاتون باکسر ہونے کے معیار پر پورا نہیں اُترتیں۔
اٹلی کی خاتون باکسر کے اعتراض کے بعد انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) نے باکسر ایمان خلیف کے حق میں بیان جاری کرتے ہوئے آئی او سی کی معطل انٹرنیشنل باکسنگ ایسوسی ایشن (آئی بی اے) پر بھی تنقید کی۔
آئی او سی کے مطابق گمراہ کن رپورٹس کی بنیاد پر اولمپکس میں شریک دو باکسرز کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے، خواتین باکسنگ میں شریک تمام باکسر شرکت کی اہلیت کے معیار پر پورا اترتی ہیں۔
آئی او سی کے مطابق پیرس اولمپکس میں باکسنگ کے وہی ضوابط نافذ العمل ہیں جو 2021 میں تھے، ان ہی تمام قوانین کے تحت اولمپک باکسنگ کے تمام کوالیفائنگ راؤنڈ منعقد کئے گئے ہیں۔
آئی او سی کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس آئی بی اے کی جانب سے ایمان خلیف سمیت دو باکسرز کو بغیر کسی طریقہ کار کے معطل کردیا گیا تھا۔
آئی او سی کے مطابق ایمان خلیف اور لین یو ٹنگ کو اچانک اور من مانی کے تحت خواتین باکسنگ سے باہر کیا گیا تھا، آئی بی اے کے میٹنگ منٹس میں بھی یہ واضح ہے کہ کوئی طریقہ کار نہیں تھا۔
آئی او سی کا کہنا تھا کہ آئی بی اے کی میٹنگ میں واضح ہے کہ دو باکسرز کو ورلڈ چیمپئن شپ سے باہر کرنے کا فیصلہ دو عہدیداران کا اپنا تھا۔
واضح رہے کہ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے 2019 میں آئی بی اے کو معطل اور 2023 میں برطرف کردیا تھا۔