آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا تفصیلی شیڈول جاری

0 159

پی سی بی نے گزشتہ ہفتے چیمپئنز ٹرافی کی تاریخوں کا اعلان کیا تھا جس کے مطابق ایونٹ کا 19 فروری سے 9 مارچ تک پاکستان میں انعقاد کا اعلان کیا گیا تھا،میڈیا میں یکم مارچ کو پاک بھارت میچ اور بھارت کے تمام گروپ میچز لاہور میں ہونے کا پہلے سے ہی رپورٹ ہو چکا ہے۔

تاہم ذرائع کے مطابق آئی سی سی کے اعلان سے پہلے اب چیمپئنز ٹرافی کا تفصیلی شیڈول منظر عام پر آ گیا ہے،میزبان پاکستان ٹیم تینوں وینیوز لاہور،کراچی اور راولپنڈی میں گروپ میچز کھیلے گی۔

مجوزہ شیڈول کے مطابق پاکستان، بھارت نیوزی لینڈ اور بنگلا دیش گروپ اے میں شامل ہیں جبکہ آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقا اور افغانستان گروپ بی میں شامل ہیں۔

چیمپئنز ٹرافی کا افتتاحی میچ 19 فروری کو کراچی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہو گا۔ 20 فروری کو لاہور میں بھارت اور بنگلا دیش کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔

21 فروری کو کراچی میں افغانستان اور جنوبی افریقا کا میچ ہو گا، 22 فروری کو لاہور میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔

23 فروری کو لاہور میں بھارت اور نیوزی لینڈ کا میچ ہو گا، پاکستان اور بنگلا دیش 24 فروری کو راولپنڈی میں میچ کھیلیں گی۔

25 فروری کو لاہور افغانستان اور انگلینڈ کے میچ کی میزبانی کرے گا، 26 فروری کو راولپنڈی میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کا میچ ہوگا،2 مارچ کو راولپنڈی میں جنوبی افریقا اور انگلینڈ کا میچ ہوگا۔

27 فروری کو لاہور میں بنگلا دیش اور نیوزی لینڈ کا میچ ہوگا، 28 فروری کو راولپنڈی میں افغانستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں میچ کھیلیں گی جبکہ یکم مارچ کو پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان میچ لاہور میں ہوگا۔

5 مارچ کو پہلا سیمی فائنل کراچی جبکہ دوسرا سیمی فائنل 6 مارچ کو راولپنڈی میں رکھا گیا ہے۔ 9 مارچ کو چیمپئنز ٹرافی کا فائنل لاہور میں ہوگا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.