آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ ، بھارت نے جنوبی افریقہ کو شکست دے دی
امریکا اور ویسٹ انڈیز کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں بھارت نے جنوبی افریقہ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 7 رنز سے ہرا کر 17 سال بعد دوسری بار ٹی 20 عالمی کپ کا ٹائٹل جیت لیا ۔
ٹی 20 ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی بار کسی بھی ٹیم نے ناقابل شکست رہتے ہوئے ورلڈ چیمپئن کا تاج اپنے سر سجایا ، بھارت نے مایہ ناز بیٹر ویرات کوہلی کی ذمہ دارنہ بیٹنگ کی بدولت جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 177 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں جنوبی افریقن ٹیم 8 وکٹوں پر 169 رنز بنا سکی۔
52 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر ہینرک کلاسین اپنی ٹیم کو جیت کے قریب لے آئے تاہم ان کے آؤٹ ہوتے ہی ہدف مشکل بن گیا اور بھارتی باؤلرز نے میچ پر کنٹرول حاصل کر لیا ، ہارڈیک پانڈیا نے تین جبکہ جسپریت بمرا اور ارشدیپ سنگھ نے دو ، دو وکٹیں حاصل کیں ۔
ویرات کوہلی کو 76 رنز کی دلکش اننگز کھیلنے پر مرد میدان قرار دیا گیا جبکہ جسپریت بمرا ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔انہوں نے ایونٹ میں مجموعی طور پر 15 وکٹیں حاصل کیں ، بھارتی کپتان روہت شرما اور ویرات کوہلی نے ورلڈ کپ جیتنے کے بعد ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا ، برج ٹاؤن، بارباڈوس میں کھیلے گئے فیصلہ کن معرکے میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔
مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے ، تین جلد وکٹیں گر جانے کے بعد ویرات کوہلی اور اکشر پٹیل نے ذمہ داری سے بیٹنگ کی اور ٹیم کا اسکور 106 تک پہنچا دیا ، اکشر پٹیل 47 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے ۔ویرات کوہلی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 59 گیندوں پر 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 76 رنز بنائے ، شیوم ڈوبے نے 27 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی ۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے کیشو مہاراج اور اینرک نورکیا نے دو دو جبکہ مارکو جانسین اور کگیسو رباڈا نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی ، 177 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ نے زبردست مقابلہ کیا تاہم آخری اوورز میں وکٹیں گرنے اور شراکت قائم نہ ہونے کی وجہ سے میچ اس کے ہاتھ سے نکل گیا۔
ہینرک کلاسین اپنی برق رفتار بیٹنگ کی بدولت جنوبی افریقہ کو فتح کے قریب لے آئے تاہم ان کے آؤٹ ہوتے ہی ہدف مشکل بن گیا اور بھارتی باؤلرز نے میچ پر گرفت مضبوط کر لی، ہینرک کلاسین نے 27 گیندوں پر 5 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 52 رنز بنائے۔
پروٹیز کو آخری اوور میں جیت کے لیے 16 رنز درکار تھے لیکن جنوبی افریقن ٹیم فنشنگ لائن عبور نہ کر سکی، یوں جنوبی افریقہ نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے اور اسے 7 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، کوئنٹن ڈی کوک 39 ، ٹرسٹن سٹبز 31 اور ڈیوڈ ملر 21 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ، بھارت کی طرف سے ہارڈیک پانڈیا نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جسپریت بمرا اور ارشدیپ سنگھ نے دو، دو جبکہ اکشر پٹیل نے ایک وکٹ لی۔