اسلام آباد(شوریٰ نیوز)ون ڈے،پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی، فخر زمان نے 13 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 117 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، تفصیلات کے مطابقپاکستان نے اوپنر فخر زمان کی شاندار سنچری کی بدولت نیوزی لینڈ کو پہلے ایک روزہ میچ میں 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔نیوزی لینڈ نے ڈیرل مچل کی سنچری اور وِل ینگ کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان کو پہلے ون ڈے میچ میں فتح کے لیے 289 رنز کا ہدف دیا تھا۔پاکستان کی جانب سے اوپنر فخر زمان نے 13 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 117 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، امام الحق 60 رنز بناکر نمایاں رہے۔ان کے علاوہ کپتان بابر اعظم نے 49 اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے 42 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔دیگر بلے بازوں میں شان مسعود ایک، آغا سلمان 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، آل راؤنڈر محمد نواز 8 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے فاسٹ باؤلر ایڈم ملنے نے دو اور اش سودھی نے ایک وکٹ حاصل کی۔اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان کرکٹ ٹیم 500 ون ڈے انٹرنیشنل جیتنے والی ٹیم بن گئی۔اس سے قبل راولپنڈی میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔نیوزی لینڈ نے اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز نے اپنی ٹیم کو 48 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا لیکن اس مرحلے پر حارث رؤف نے پاکستان کو پہلی کامیابی دلاتے ہوئے چیڈ بوز کی 18 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا تھا۔اس مرحلے پر وِل ینگ کا ساتھ دینے ڈیرل مچل آئے اور دونوں نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے دوسری وکٹ کے لیے 102 رنز کی ساجھے داری قائم کی۔ینگ سنچری کی جانب رواں دواں تھے کہ 150 کے مجموعے پر شاداب خان نے 86 رنز بنانے والے بلے باز کا کام تمام کردیا، ان کی اننگز میں آٹھ چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ڈیرل مچل نے دوسرے اینڈ سے عمدہ کھیل کا سلسلہ جاری رکھا اور کپتان ٹام لیتھم کے ہمراہ 72 رنز جوڑے جس میں لیتھم کا حصہ صرف 20 رنز کا رہا، اس موقع پر کیوی کپتان شاہین شاہ آفریدی کی وکٹ بن گئے جبکہ مارک چیپمین بھی صرف 15 رنز ہی بنا سکے۔ڈیرل مچل نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے پاکستان میں پہلی اور ون ڈے کیریئر کی دوسری سنچری اسکور کی۔کیوی بلے باز 11 چوکوں اور ایک چھکے سے مزین کیریئر کی سب سے بڑی 113 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹے۔اختتامی اوورز میں پاکستانی باؤلرز بالخصوص نسیم شاہ نے شاندار باؤلنگ کی جس کے سبب مہمان بلے باز کھل کر بیٹنگ نہ کر سکے اور مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 288 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے 10 اوورز کے کوٹے میں صرف 29 رنز دیتے ہوئے 2 وکٹیں اپنے نام کیں جبکہ شاہین اور حارث بھی دو، دو وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔میچ سے قبل پاکستانی ٹیم کو بڑا دھچکا لگا اور حارث سہیل کندھے کی انجری کے سبب میچ سے باہر ہوگئے۔یاد رہے کہ ون ڈے سیریز سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی20 سیریز کھیلی گئی تھی جس میں ابتدائی دو میچ ہارنے کے بعد مہمان ٹیم نے شاندار انداز میں واپسی کرتے ہوئے سیریز 2-2 سے برابر کردی تھی۔