میامی اوپن ٹینس مینز سنگلز،برطانوی ٹینس سٹار اینڈی مرے کا فاتحانہ آغاز
انگلینڈ کے نامور ٹینس سٹار ، تین گرینڈ سلام کے چیمپئن اینڈی مرے اور جیک الیگزینڈر ڈریپر اے ٹی پی میامی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے مردوں کے سنگلز مقابلوں کا فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے دوسرے رائونڈ میں پہنچ گئے ۔
36سالہ برطانوی ٹینس سٹار اینڈی مرے نے مینز سنگلز کے پہلے راؤنڈ میں اٹلی کے حریف کھلاڑی میٹیو بیریٹینی کو شکست دے کر دوسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا جبکہ انگلینڈ کے ہی جیک الیگزینڈر ڈریپر نے پہلے رائونڈ میچ میں جاپان کے حریف کھلاڑی جاپان کے تارو ڈینیئل کو شکست دی۔
میامی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے امریکا میں جاری ہیں۔ جمعرات کو میامی گارڈنز، فلوریڈا،امریکا کے ہارڈ راک سٹیڈیم میں کھیلے گئے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے ابتدائی رائونڈ میں انگلینڈ کے نامور ٹینس سٹار ، تین گرینڈ سلام کے چیمپئن اینڈی مرے نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے اطالوی حریف کھلاڑی میٹیو بیریٹینی کو پہلے سیٹ میں 6-4 کی شکست کے باوجود اگلے دونوں سٹریٹ سیٹس میں 3-6 اور 4-6 سے شکست دے کر نہ صرف ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا بلکہ دوسرے رائونڈ کے لئے بھی کوالیفائی کرلیا،
جہاں اینڈی مرے کا مقابلہ ارجنٹائن کے 29 سیڈ ڈٹامس مارٹن ایچیوری سے ہوگا۔ ایک اور میچ میں برطانوی ٹینس کھلاڑی ٹینس سٹار جیک الیگزینڈر ڈریپر نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جاپان کے حریف کھلاڑی تاروڈینیئل کو سٹریٹ سیٹس میں 3-6 اور 2-6 سے ہرا کر دوسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔