صدر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن عہدے سے مستعفی

0 101

پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (پی اے او) کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن 19 سال بعد عہدے سے مستعفی ہوگئے۔

لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ عارف حسن نے پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبرا ن کے نام ایک خط میں لکھا کہ وہ یکم جنوری 2024 کو 19 سال بعد بطور صدر پی او اے مستعفی ہورہے ہیں۔

یہ فیصلہ آسان نہ تھا لیکن خرابی صحت کی وجہ سے وہ ایک اہم تنظیم کی سربراہی کی ذمہ داری جاری نہیں رکھ سکتے، سیکرٹری پی او اے خالد محمود نے عارف حسن کے استعفے کی تصدیق کی ۔

عارف حسن کو 2002 میں ساؤتھ ایشین گیمز کی آرگنائزنگ کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا جس کے بعد وہ پاکستان اسپورٹس میں متحرک رہے، 2004 میں وہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے پہلی بار صدر بنے اور پھر مسلسل چار مرتبہ اس عہدے پر منتخب ہوئے۔

عارف حسن کو پاکستان اسپورٹس کی تنزلی اور اولمپکس میں میڈلز کے قحط پر بھی تنقید کا سامنا رہا، حال ہی میں سینیئر سیاستدان احسن قبال نے ان پر تنقید کے نشتر برسائے تھے۔

تاہم پی او اے اور لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن کا ہمیشہ یہی مؤقف رہا کہ پی او اے ایک نمائندہ رابطہ تنظیم ہے جبکہ اسپورٹس کی فنڈنگ، کھلاڑیوں کی ٹریننگ اور دیگر تمام سہولیات کی ذمہ داری پاکستان اسپورٹس بورڈ کی ذمہ داری ہے لہٰذا اسپورٹس کی تنزلی پر پی ایس بی سے سوال کیا جائے۔

عارف حسن کے استعفی کے بعد پی او اے کی ایگزیکٹو کمیٹی عارضی طور پر اگلے انتخابات تک قائم مقام صدر کا فیصلہ کرے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.