پاکستان کرکٹ ٹیم میں کم بیک کرنے والے ٹاپ آرڈر بیٹر صاحبزادہ فرحان کہتے ہیں کہ قومی ٹیم میں نام آنے پر پچھلی مرتبہ تیار نہ تھے لیکن اب ڈومیسٹک میں محنت کرکے انٹرنیشنل کرکٹ کیلئے مچیور ہوچکے ہیں ۔
قومی سلیکشن کمیٹی نے صاحبزادہ فرحان کو دورہ نیوزی لینڈ کیلئے 17 رکنی اسکواڈ میں شامل کیا ہے، صاحبزادہ فرحان اس سے قبل 2018 میں پاکستان ٹیم سے کھیل چکے ہیں، اس وقت انہیں 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھلائے گئے تھے۔
ٹیم سے ڈراپ ہونے کے بعد صاحبزادہ فرحان نے ڈومیسٹک کرکٹ میں رنز کے انبار لگا دیے اور گزشتہ تین سیزنز کے دوران وہ ہر بار ٹاپ پرفارمرز میں رہے ۔ حال ہی میں ہونیوالے قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں وہ 492 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر تھے۔
ٹیم میں سلیکشن کے بعد اپنے سب سے پہلے انٹرویو میں صاحبزادہ فرحان کا کہنا تھا کہ پہلے بھی پاکستان کھیلا ہوں، پہلے اتنا زیادہ پرجوش نہیں تھا کیوں کہ اس وقت جلد ٹیم میں آگیا تھا لیکن اس بار کافی محنت کرکے کم بیک کیا ۔
اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ انہوں نے کتنی محنت کی ہے اور اس دوران کوئی ایسا میچ نہیں جو فٹنس مسائل کی وجہ سے مس کیا ہو ، ان کا کہنا تھا کہ پورا پورا سیزن بھرپور فٹنس کے ساتھ کھیلا ہوں، مجھے ایک ایک میچ یاد ہے اپنا۔