آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ ، بنگلہ دیش نے افغانستان کو شکست دے دی
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے تیسرے میچ میں بنگال ٹائیگرز نے 157رنز کا ہدف 35ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، مہدی حسن میراز اور نجم الحسین شانتو نے نصف سنچریاں سکور کیں ۔
مہدی حسن میراز کو شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، افغان ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 37.2 اوورز میں 156 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ، اوپنر رحمان اللہ گرباز 47 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔
ابراہیم زدران اور عظمت اللہ عمرزئی نے 22 ، 22 جبکہ رحمت شاہ اور حشمت اللہ شہیدی نے 18 ، 18 رنز بنائے ، بنگلہ دیش کی طرف سے شکیب الحسن اور مہدی حسن میراز نے تین ، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، جواب میں بنگلہ دیش نے مطلوبہ ہدف 34.4 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ۔
نجم الحسین شانتو نے 59 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ، مہدی حسن میراز 57 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بیٹر رہے ، افغانستان کی طرف سے فضل الحق فاروقی، نوین الحق اور عظمت اللہ عمرزئی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔