فائیو سائیڈ ایشیاء ہاکی کپ، پاکستان نے بھارت کو شکست دیدی

0 158

عمان کے شہر صلالہ میں جاری فائیو سائیڈ ایشیاء ہاکی کپ میں پاکستان نے اپنے تیسرے میچ میں روایتی حریف بھارت کو اعصاب شکن مقابلہ کے بعد 4-5گول سے شکت دیدی۔

پاکستان کی جانب سے ارشد لیاقت نے 2 گول،ذکریا حیات، عبدالرحمٰن اور رانا عبدالوحید نے ایک، ایک گول سکور کیا۔ پاکستان کے گول کیپر عبداللہ اشتیاق خان مین آف دی میچ قرار پا، ایف آئی ایچ کے صدر طیب اکرام نے ایوارڈ سے نوازا۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر کی جانب سے بھارت کے خلاف شاندار کارکردگی دکھانے پر پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کو 100 ڈالر فی کھلاڑی انعام دیا گیا۔

پاکستان فائیو سائیڈ ہاکی ٹیم کی کوچنگ کے فرائض ہیڈ کوچ عالمی ہاکی کپ گولڈ میڈلسٹ پرائیڈ آف پرفارمنس اولمپین وسیم فیروز سرانجام دے رہے ہیں جبکہ ٹیم منیجر میجر (ر) محمد شاہنواز خان اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں۔

پاکستان فائیو سائیڈ ہاکی ٹیم میں گول کیپرز عبداللہ اشتیاق خان، علی رضا ڈیفینڈر، محمد عبداللہ مڈ فیلڈز، احتشام اسلم، محمد مرتضیٰ یعقوب ،سٹرائیکرز ارشد لیاقت، زکریا حیات، رانا عبدالوحید اشرف، عبدالرحمٰن اور عبدالوہاب شامل ہیں۔

فائیو سائیڈ ایشیاء کپ میں 11 ٹیمیں شرکت کررہی ہیں جس میں پاکستان، بھارت، افغانستان، انڈونیشیا، ایران، جاپان، بنگلہ دیش، ہانگ کانگ چائنہ، قزاخستان ، ملائیشیا اور میزبان ملک عمان کی ٹیمیں شامل ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.