آئی پی ایل؛ 14سالہ سوریہ ونشی نے سنچری بنا کر نیا ریکارڈ قائم کر دیا

0 4

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں 14 سالہ ویبھو سوریہ ونشی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تیز ترین سنچری بنانے والے کم عمر کھلاڑی بن گئے۔

ویبھو سوریہ ونشی کی طوفانی اننگز نے راجستھان رائلز کو گجرات ٹائٹنز کے خلاف 8 وکٹوں سے شاندار فتح دلائی۔

سوریہ ونشی نے صرف 35 گیندوں پر 100 رنز مکمل کیے، جو کہ آئی پی ایل کی تاریخ کی دوسری اور کسی بھی بھارتی کھلاڑی کی سب سے تیز ترین سنچری ہے۔ اس سے قبل صرف ویسٹ انڈیز کے لیجنڈ کرس گیل نے 2013 میں 30 گیندوں پر سنچری بنا کر یہ ریکارڈ قائم کیا تھا۔

نوجوان کھلاڑی نے راشد خان کو چھکا لگا کر اپنی سنچری مکمل کی تھی۔ ان کی اننگز میں 7 چوکے اور 11 شاندار چھکے شامل تھے تاہم وہ 38 گیندوں پر 101 رنز بنا کر بولڈ ہوگئے۔

ویبھو نے یشسوی جیسوال کے ساتھ مل کر 166 رنز کی ناقابلِ فراموش شراکت قائم کی، جس کی بدولت راجستھان نے 210 رنز کا بڑا ہدف صرف 15.5 اوورز میں ہی حاصل کر لیا۔ جیسوال 40 گیندوں پر 70 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

گزشتہ سال راجستھان رائلز نے ویبھو کو تقریباً ایک کروڑ 3لاکھ 789 بھارتی روپے میں خریدا تھا۔ انہوں نے گزشتہ ماہ ہی 14 سال کی عمر مکمل کی اور اپریل کے آغاز میں ہی اپنے ڈیبیو میچ کی پہلی گیند پر چھکا مار کر خود کو نمایاں کیا۔ گجرات کے خلاف میچ میں بھی انہوں نے اسی بے خوف انداز کا مظاہرہ کیا۔

سوریہ ونشی نے نہ صرف سنچری کا ریکارڈ توڑا بلکہ آئی پی ایل کی تیز ترین نصف سنچری بنانے کا اعزاز بھی حاصل کیا، جو انہوں نے صرف 17 گیندوں پر مکمل کی۔ انہوں نے ایشانت شرما کے ایک اوور میں 28 اور کریم جنت کے ایک اوور میں 30 رنز جڑ کر بولرز کو شدید دباؤ میں ڈال دیا۔

یہ فتح راجستھان رائلز کے لیے بہت اہم رہی، کیونکہ یہ ان کی مسلسل پانچ شکستوں کے بعد پہلی جیت تھی، جس سے پلے آف کی امیدیں برقرار رہیں۔

گجرات ٹائٹنز کی جانب سے شبمن گل (84) اور جوس بٹلر (50)* کی شاندار اننگز کے باوجود ٹیم نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر چلی گئی۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.