انگلش فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن کو کونسا اعزاز ملنے والا ہے؟
انگلینڈ کے سابق فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن کو ان کے شاندار 21 سالہ کیریئر کے اعتراف میں ’سر‘ کا خطاب دیا جانے والا ہے۔
42 سالہ جیمز اینڈرسن (جو گزشتہ برس انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہوئے) کسی بھی اسپیشلسٹ فاسٹ بولر کی جانب سے سب سے زیادہ ٹیسٹ میچز کھیلنے کا ریکارڈ رکھتے ہیں اور مجموعی طور پر سچن ٹینڈولکر کے بعد سب سے زیادہ ٹیسٹ میچز کھیلنے والے کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے 188 ٹیسٹ میچز میں 708 ٹیسٹ وکٹیں حاصل کیں۔
جیمز اینڈرسن نے مئی 2003 میں 20 سال کی عمر میں زمبابوے کے خلاف لارڈز کے میدان میں کیریئر کا آغاز کیا اور اس ہی میدان میں جولائی 2024 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنا آخری ٹیسٹ کھیلا۔
فاسٹ بولر نے 2015 کے بعد سے انگلینڈ کے لیے وائٹ بال کرکٹ نہیں کھیلی۔ اس کے باوجود وہ انگلینڈ کی جانب سے ایک روزہ فارمیٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ہیں۔ انہوں نے 269 ایک روزہ میچز میں 29.22 کی اوسط سے 269 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ٹی 20 فارمیٹ میں 18 وکٹیں لے سکے۔ انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ میں مجموعی طور پر 991 وکٹیں حاصل کیں۔