کپتانی کا بوجھ اُترنے کے بعد جوز بٹلر کی بیٹنگ میں نکھار
کپتانی کا بوجھ کندھوں سے اترنے کے بعد جوز بٹلر کی بیٹنگ نکھرنے لگی، وہ آئی پی ایل میں بھی آزادی کے ساتھ صرف اپنی بیٹنگ سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
جوز بٹلر نے گجرات ٹائٹنز کی جانب سے اب تک 3 میں سے 2 میچز میں ففٹیز بنائی ہیں۔
سابق انگلش کپتان بٹلر نے ایک روز قبل رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف بھی صرف 39 بالز پر ناقابل شکست 73 رنز اسکور کرکے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
میچ کے بعد میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران میں کرکٹ سے بالکل بھی لطف اندوز نہیں ہو رہا تھا، مگر اب پوری آزادی سے بیٹنگ کرتے ہوئے بہترین پرفارم کرنے کے لیے کوشاں ہوں۔
یاد رہے کہ بٹلر کی قیادت میں انگلینڈ ٹی 20 اور ون ڈے ورلڈکپ ٹورنامنٹس میں ٹائٹلز کا دفاع کرنے میں ناکام رہا تھا، خود بٹلر کو بھی رنز بنانے میں جدوجہد کا سامنا تھا۔
جوز بٹلر نے چیمپیئنز ٹرافی میں ایک اور خراب کارکردگی کے بعد انگلینڈ کی وائٹ بال کپتانی سے استعفا دے دیا تھا۔