پی ایس ایل 10 کی ٹرافی کے ملک گیر سفر کا حیدرآباد سے آغاز

0 4

پاکستان کرکٹ بورڈ کے تحت ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 کی ٹرافی کے ملک گیر سفر کا آغاز ہو گیا، قومی تاریخ میں پہلی بارٹرافی کا سفر حیدرآباد کے نجی تعلیمی ادارے سے ہوا۔

جمعہ کو حیدرآباد کے مقامی نجی تعلیمی ادارے فاؤنڈیشن پبلک اسکول میں ٹرافی کی رونمائی کی گئی،طلبہ و طالبات نے پی ایس ایل کی ٹرافی کو اپنے درمیان پا کر بے انتہا مسرت کا اظہار کیا اور اس کے ساتھ سیلفیز بنائیں۔

ٹرافی اپنے قومی سفر کے دوسرے مرحلے میں ہفتے کو کراچی کے مختلف مقامات پر لے جائی جائے گی، شہر کے معروف فریئر ہال میں نمائش کے لیے ٹرافی کو رکھا جائے گا، لومینارا ٹرافی 29 مارچ تک پاکستان بھر کے 11 شہروں کا سفر کرے گی، ٹرافی شہرقائد کے بعد لاہور، ملتان، بہاولپور، فیصل آباد، پشاور اور اسلام آباد کا سفر کرے گی۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ ٹرافی کا یہ دورہ پاکستان کی بھرپور ثقافت، اس کی متنوع کمیونٹیز اور سب سے اہم کرکٹ کے لیے اس کے گہرے جذبے کا جشن ہے، اس ملک گیردورے کا مقصد پورے پاکستان میں ایچ بی ایل پی ایس ایل کی فزیکل رسائی کو بڑھانے کی ہماری خواہش کو پورا کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پہلے مرحلے میں ٹرافی کو کراچی کی متحرک گلیوں سے لاہور کے تاریخی مقامات پر ڈسپلے کیا جائے گا اور اس میں پاکستان کے دلکش مناظر کو بھی دکھایا جائے گا جس کے ٹرافی مزید تاریخی اور مشہور مقامات پر بھی جائے گی۔

یہ ٹرافی ٹور شائقین کو ان کی محبت لوٹانے کا ہمارا طریقہ ہے جو پچھلی دہائی کے دوران ایچ بی ایل پی ایس ایل کے دل اور روح رہے ہیں۔ ان کی غیر متزلزل حمایت ہمارے کھلاڑیوں کے جذبے میں اضافہ کردیتی ہے اور اس لیگ کو دنیا کی بہترین لیگ میں سے ایک بناتی ہے،پہلے مرحلہ میں ٹرافی کی 16 اور 17مارچ کو لاہور میں نمائش ہوگی،ٹرافی کو 18 مارچ کو ملتان، 19 مارچ بہاولپور، 20 مارچ فیصل آباد اور 22 مارچ پشاور کے بعد23 مارچ اسلام آباد میں نمائش کے لیے رکھا جائے گا،

واضح رہے کہ 11 اپریل سے شروع ہونے والی پی ایس ایل 10 کی ٹرافی کی گزشتہ روز منفرد انداز میں سمندر میں رونمائی کی گئی تھی، پاک بحیرہ کے تعاون سے بحیرہ عرب کے گہرے پانی میں ٹرافی کی رونمائی کے بعد اسے پی ایس ایل کے اسٹیک ہولڈرز کے حوالے کیا گیا تھا۔

قبل ازیں غیرملکی غوطہ خور نے کھلے سمندر کی گہرائی میں غوطہ زنی کرکے جیسے خزانہ برآمد کیا،اس یادگار موقعہ پر سابق ٹیسٹ کپتان معین خان اور سرفراز احمد سمیت دیگر بھی موجود تھے چاندی سے تیار شدہ دس کلو وزنی ٹرافی میں 22 ہزار سے زائد زرقون کے قیمتی پتھراستعمال کیے گئے ہیں۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل کا 10واں ایڈیشن 11 اپریل سے 18 مئی تک چار شہروں کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں منعقد ہوگا، افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اورلاہور قلندرز کے درمیان راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.