نیشنل ٹی20 کپ؛ شعیب، وہاب جیسے بزرگ جلوہ افروز ہوں گے؟

0 4

نیشنل ٹی20 کپ کے آغاز 14 مارچ سے ہوگا، جہاں ایک مرتبہ پھر بزرگ کھلاڑی ایکشن میں دیکھائی دیں گے۔

ایونٹ میں 16 ریجنز کی 18 ٹیمیں حصہ لیں گی، ٹورنامنٹ میں 39 میچز 3 شہروں فیصل آباد، لاہور اور ملتان میں کھیلے جائیں گے۔

نیشنل ٹی20 کپ میں قومی ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم ایکشن میں دیکھائی نہیں دیں گے، ان کا نام کسی بھی اسکواڈ میں شامل نہیں ہے۔ چند روز قبل بابرکے والد اعظم صدیقی نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں عندیہ دیا تھا کہ آؤٹ آف فارم بابراعظم نیشنل ٹی20 ایونٹ میں حصہ لیں گے مگر گزشتہ روز سامنے آنے والے اسکواڈز میں سے کسی بھی ٹیم میں بابر شامل نہیں ہیں۔

انہیں سلیکشن کمیٹی نے دورہ نیوزی لینڈ کیلئے ٹی 20 اسکواڈ میں شامل نہیں کیا تھا، جس پر ان کے والد نے بابراعظم کی ڈومیسٹک ایونٹ میں شرکت کا عندیہ دیا تھا۔

اسی طرح نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 اسکواڈ میں شامل نہ کیے جانے والے محمد رضوان بھی نیشنل ٹی20 کپ میں حصہ نہیں لے رہے ہیں۔

تاہم اس کے برعکس 43 سالہ آل راؤنڈر شعیب ملک سیالکوٹ ریجن کی نمائندگی کریں گے، اس ریجن سے نوجوان کھلاڑیوں اذان اویس اور شاہزیب بھٹی کو نظر انداز کردیا گیا ہے۔

سیالکوٹ کو قائداعظم ٹرافی کا فائنل جتوانے والے کھلاڑی شاہزیب کو اسکواڈ کا حصہ نہ بنانے پر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تنقید کی جارہی ہے۔

دوسری جانب شدید تنقید کے بعد وہاب ریاض نے نیشنل ٹی20 کپ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم انکی جگہ نوجوان فاسٹ باؤلر احمد بشیر کو لاہور وائٹس کے 15 رکنی اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.