چیمپئنز ٹرافی:کیوی فاسٹ بولر ہینری نے بھارت کیخلاف منفرد اعزاز حاصل کرلیا

0 10

نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر میٹ ہینری نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کے خلاف منفرد اعزاز حاصل کرلیا۔

میٹ ہینری نے اتوار کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے گروپ مرحلے میں بھارت کے خلاف شاندار بولنگ کرتے ہوئے 5 وکٹیں لیں۔

میٹ ہینری، جنہوں نے 2019 کے آئی سی سی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں بھارت کے ٹاپ آرڈر کو تہس نہس کر دیا تھا، ایک بار پھر وہ شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے بھارتی بیٹنگ لائن کے لیے مشکلات کا سبب بنے۔

ہینری نے اتوار کو دبئی میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ کو زبردست آغاز فراہم کیا، انہوں نے اپنے پہلے اسپیل میں دنیا کے نمبر ایک ون ڈے بیٹر شبمن گل اور پھر اسٹار کرکٹر ویرات کوہلی کو جلدی آؤٹ کیا۔

میٹ ہینری اپنے آخری اسپیل میں بھی اتنے ہی شاندار ثابت ہوئے، انہوں نے مزید 3 بھارتی کھلاڑیوں (ہاردک پانڈیا ، رویندرا جدیجا اور محمد شامی) کو پویلین کی راہ دکھائی اور ون ڈے میں دوسری بار میچ میں 5 شکار کیے ۔

اس کارکردگی کے نتیجے میں میٹ ہینری آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی تاریخ میں بھارت کے خلاف 5 وکٹیں لینے والے پہلے بولر بن گئے۔

ہینری کی 42 رنز کے عوض 5 وکٹیں چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کے خلاف کسی بھی بولر کی بہترین کارکردگی ہے۔

اس سے قبل پاکستان کے رانا نوید الحسن نے 2004 کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کے خلاف 9 اوورز میں 25 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

رانا نوید الحسن کے علاوہ شعیب اختر بھی چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کے خلاف4 وکٹیں لے چکے ہیں۔

واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں گروپ اسٹیج کے آخری میچ میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 44 رنز سے شکست دی۔

بھارتی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 249 رنز اسکور کیے۔250 رنز کے ہدف کے جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 46 ویں اوور میں205 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.