بابراعظم، شاہین سمیت کئی کھلاڑیوں کا مستقبل خطرے میں پڑگیا
آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کے پہلے راؤنڈ سے باہر ہونے کے بعد قومی ٹیم میں بڑی تبدیلیوں کی باز گشت سنائی دینے لگی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چیمپئینز ٹرافی میں شکست کی بڑی وجہ چیف سلیکٹر عاقب جاوید اور کپتان محمد رضوان کے درمیان اختلافات قرار دیا جارہا ہے تاہم ناقص کارکردگی کے باعث کئی کھلاڑیوں کا مستقبل بھی تاریک ہوتا دیکھائی دے رہا ہے۔
چیف سیلکٹر عاقب جاوید کی جانب سے اہم فیصلوں میں مشاورت نہ ہونے کے باعث محمد رضوان نالاں نظر آئے، انہوں نے خوشدل شاہ کو شامل کروایا تو عاقب جاوید نے اپنی مرضی سے فہیم اشرف کا انتخاب کرلیا، سلیکٹرز اور محمد رضوان بھی ایک پیج پر نہیں تھے۔
رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ پی سی بی چیمپئینز ٹرافی کے بعد ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لے گا۔ ایسے میں بابر اعظم، شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف سمیت کئی سینئر کھلاڑیوں کی ٹیم میں جگہ خطرے میں پڑگئی ہے۔
ادھر ہیڈکوچ عاقب جاوید بظاہر خود استعفیٰ نہیں دینا چاہتے، اگر پی سی بی کوچنگ سیٹ اپ میں ترمیم کرنے کا فیصلہ کرتا ہے تو سابق فاسٹ باؤلر کو ہٹا کر ان کی جگہ کسی موزوں امیدوار کو شامل کیا جا سکتا ہے۔
قومی ٹیم کے دو سابق کپتان بابراعظم اور شاہین شاہ آفریدی کے علاوہ نسیم شاہ اور حارث بھی ناقص کارکردگی کے باعث ریڈار پر آچکے ہیں جبکہ مسلسل تنقید کے باعث نئے کھلاڑیوں کو موقع ملنے کا امکان ہے۔