انگلش فاسٹ بولر آرچر نے جیمز اینڈرسن کا 21 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا

0 3

انگلینڈ کے فاسٹ بولر جوفرا آرچر نے اپنے ہم وطن سابق بولر جیمز اینڈرسن کا ون ڈے کرکٹ میں 21 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔

دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر جوفرا آرچر نے بدھ کے روز قذافی اسٹیڈیم میں چیمپئنز ٹرافی کے میچ میں افغانستان کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیا ریکارڈ قائم کیا۔

آرچر نے افغانستان کی اننگز کے آغاز میں 2 اہم وکٹیں حاصل کیں اور اس کے ساتھ ہی وہ انگلینڈ کے عظیم فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن کا ریکارڈ توڑ کر ون ڈے کرکٹ میں 50 وکٹیں لینے والے انگلینڈ کے تیز ترین بولر بن گئے۔

اس سے قبل جیمز اینڈرسن نے 2004 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 31 میچوں میں یہ سنگ میل عبور کیا تھا، لیکن 29 سالہ آرچر نے محض 30 میچوں میں 50 وکٹیں حاصل کر کے یہ کارنامہ انجام دیا۔

ون ڈے کرکٹ میں سب سے تیز 50 وکٹیں لینے کا عالمی ریکارڈ سابق سری لنکن اسپنر اجنتھا مینڈس کے پاس ہے، جنہوں نے 2009 میں صرف 19 میچوں میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔

واضح رہے کہ بدھ کو افغانستان نے گروپ بی کے اہم میچ میں انگلینڈ کو 8 رنز سے شکست دے کر اسے چیمپئنز ٹرافی سے باہر کر دیا۔

لاہور میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان کی ٹیم نے پہلےکھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 325 رنز بنائے۔ 326 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم آخری اوور میں 317 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

افغانستان کے خلاف میچ میں آرچر نے اپنے 10 اوور کے مکمل اسپیل میں 64 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.