چیمپئنز ٹرافی: گروپ بی میں سیمی فائنل کی دوڑ مزید دلچسپ،کس ٹیم کے چانسز زیادہ ہیں؟

0 5

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کا میچ بارش کی نذر ہونے کے بعد گروپ بی میں سیمی فائنل کی دوڑ مزید دلچسپ ہوگئی۔

منگل کو راولپنڈی میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا ساتواں میچ آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان شیڈول تھا لیکن مسلسل بارش کی وجہ سے میچ بغیر کوئی گیند پھینکے منسوخ کر دیا گیا۔

میچ منسوخ ہونے کی وجہ سے جنوبی افریقا اور آسٹریلیا دونوں کو ایک، ایک قیمتی پوائنٹ مل گیا۔

گروپ اے سے بھارت اور نیوزی لینڈ پہلے ہی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکے ہیں جبکہ گروپ بی میں سیمی فائنل کی دوڑ مزید دلچسپ ہوگئی ہے، کیونکہ چاروں ٹیمیں اب بھی اگلے مرحلے میں پہنچنے کی دوڑ میں شامل ہیں۔

گروپ بی کی صورتحال:

چیمپئنز ٹرافی کے پوائنٹس ٹیبل پر گروپ بی میں جنوبی افریقا اور آسٹریلیا 2، 2 میچز کھیل کر 3، 3 پوائنٹس حاصل کر چکے ہیں، تاہم بہتر نیٹ رن ریٹ کے باعث جنوبی افریقا پوائنٹس ٹیبل میں سرفہرست ہے۔

چیمپئنز ٹرافی: گروپ بی میں سیمی فائنل کی دوڑ مزید دلچسپ،کس ٹیم کے چانسز زیادہ ہیں؟

آسٹریلیا کا دوسرا نمبر ہے جبکہ انگلینڈ اور افغانستان ابھی تک کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کر سکے۔

واضح رہے کہ ہر ٹیم کو 3 میچز کھیلنے ہے، گروپ کی ٹاپ 2 ٹیموں نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرنا ہے۔

گروپ بی سے کس ٹیم کے سیمی فائنل کے کتنے چانسز ہیں؟

جنوبی افریقا:

ٹیمبا باووما کی قیادت میں جنوبی افریقا کے پاس سیمی فائنل میں پہنچنے کا سنہری موقع ہے۔ اگر وہ ہفتے کے روز اپنے آخری گروپ میچ میں انگلینڈ کو شکست دے تو وہ ٹاپ فور میں اپنی جگہ پکی کرلے گی۔

اگر جنوبی افریقی ٹیم اپنا آخری گروپ میچ ہار بھی جائے، تب بھی وہ سیمی فائنل میں پہنچ سکتی ہے، لیکن اس کے لیے اسے امید کرنی ہوگی کہ انگلینڈ اپنا آخری میچ افغانستان کے خلاف ہار جائے۔

آسٹریلیا:

2 مرتبہ کی چیمپئن آسٹریلوی ٹیم کے بھی سیمی فائنل میں پہنچنے کے چانسز روشن ہیں۔ اگر وہ افغانستان کے خلاف اپنا آخری گروپ میچ جیت جاتی ہے تو وہ آسانی سے سیمی فائنل میں پہنچ جائی گی۔

البتہ، اگر آسٹریلیا یہ میچ ہار جاتا ہے تو اسے جنوبی افریقا پر انحصار کرنا ہوگا کہ وہ انگلینڈ کو شکست دے۔

انگلینڈ:

جوس بٹلر کی قیادت میں انگلینڈ کی ٹیم کو اپنے پہلے میچ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں5 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اب سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے انگلینڈ کو اپنے باقی دونوں میچز جیتنے ہوں گے۔

بدھ کو افغانستان کے خلاف ان کا میچ نہ صرف انگلینڈ بلکہ گروپ بی کی تمام ٹیموں کے لیے انتہائی اہم ہوگا۔ اگر آسٹریلیا اور جنوبی افریقا اپنے آخری میچ ہار جاتے ہیں تو افغانستان اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والے میچ کا فاتح سیمی فائنل میں جگہ بنا لے گا۔

افغانستان:

پہلی بار چیمپئنز ٹرافی میں شامل افغانستان کے لیے سیمی فائنل کی راہ مشکل ہے، لیکن ناممکن نہیں۔

اگر وہ آسٹریلیا اور انگلینڈ دونوں کے خلاف میچز جیتنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں، تو وہ سیمی فائنل میں پہنچ سکتے ہیں۔ تاہم، ایک بھی شکست ان کے امکانات کو تقریباً ختم کر دے گی۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.