چیمپیئنز ٹرافی : آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کا میچ بارش کے باعث منسوخ

0 5

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا آج آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان شیڈولڈ میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان شیڈول چیمپیئنز ٹرافی کا ساتواں میچ مسلسل برستی بارش کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا، دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔

واضح رہے کہ مسلسل برسات کی وجہ سے دونوں ٹیموں کے درمیان ٹاس بھی نہیں ہوسکا، امپائروں نے میچ شروع ہونے سے آدھا گھنٹہ پہلے، دوپہر ڈیڑھ بچے شیڈول ٹاس میں تاخیر کے فیصلے سے قبل موسم کی صورتحال کا جائزہ لیا تھا، تاہم تواتر سے برستی بارش کے پیش نظر شام 5 بجے کے لگ بھگ میچ کی منسوخی کا اعلان کیا گیا۔

اس میچ کے منسوخ ہونے کے بعد گروپ بی میں اب جنوبی افریقا 3 پوائنٹس کے ساتھ سرِفہرست ہے جبکہ آسٹریلیا بھی 3 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

آسٹریلیا کو سیمی فائنل میں رسائی کے لیے اپنے اگلے میچ میں افغانستان کے خلاف فتح لازمی حاصل کرنی ہوگی۔

دریں اثنا آج راولپنڈی میں قومی کرکٹ ٹیم کا پریکٹس سیشن بھی ہونا تھا تاہم بارش کی وجہ سے یہ سیشن بھی منسوخ کرنا پڑا، دوسری جانب آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان میچ کی منسوخی کی وجہ سے چیمپیئنز ٹرافی کا شیڈول متاثر ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.