راولپنڈی میں جمعرات کو ہونے والے پاک بنگلہ دیش میچ کے دوران بارش کا امکان
راولپنڈی میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان چیمپئنز ٹرافی کا اہم میچ مسلسل بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا، آغاز دوپہر 2 بجے ہونا تھا لیکن 5 بج کر 10 منٹ پر بغیر ٹاس کے اختتام کرنے کا اعلان کر دیا گیا اور اب جمعرات کو پاکستان اور بنگلہ دیش کے میچ کے دوران بھی بارش کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی میں گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران موسم میں اچانک تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے جہاں ہلکی بارش کے ساتھ شدید سردی محسوس کی جانے لگی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس ہفتے شہر میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا تھا اور جمعرات کے روز بھی بارش کی پیشگوئی ہے، اسی روز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں بنگلہ دیش اور میزبان پاکستان کے درمیان گروپ اے کا آخری میچ شیڈول ہے جو موسم سے متاثر ہوسکتا ہے۔