سہ ملکی سیریز؛جنوبی افریقا کو شکست دیکر نیوزی لینڈ فائنل میں پہنچ گیا

0 3

سہ ملکی سیریز کے دوسرے میچ میں جنوبی افریقا کو 6 وکٹوں سے شکست دیکر نیوزی لینڈ فائنل میں پہنچ گیا۔

جنوبی افریقا نے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 305 رنز کا ہدف دیا تھا جو کیویز نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 49 ویں اوور میں بنالیا۔

نیوزی لینڈ نے ہدف کے تعاقب میں محتاط انداز میں بیٹنگ کا آغاز کیا اور 50 رنز پر پہلی وکٹ گری۔ ول ینگ 19 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

ڈیرل مچل 10 اور ٹام لیتھم صفر پر پویلین لوٹ گئے، ڈیون کانوائے 97 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، کین ولیمسن 133 اور گلین فلپس 28 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

جنوبی افریقا کی طرف سے سینیوران متھوسامی نے 2، ایتھن بوش اور جونیر دالا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

جنوبی افریقا اننگز

جنوبی افریقی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 304 بنائے۔

اننگز کا آغاز ہوا تو پروٹیز کپتان ٹیمبا باوما 23 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 20 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

ٹیم میں ڈیبیو کرنے والے میتھیو بریٹزکے اور جیسن اسمتھ کے درمیان دوسری وکٹ کے شراکت میں 93 رنز بنائے گئے۔ جیسن اسمتھ 41 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔

میتھیو بریٹزکے ون ڈے ڈیبیو میں 150 رنز بنا کر پہلے اوپنر بلے باز بن گئے۔ انہوں نے 148 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 11 چوکے اور 5 چھکے لگائے۔

میتھیو بریٹزکے سے قبل کسی بھی کھلاڑی نے ون ڈے ڈیبیو میں 150 رنز اسکور نہیں کیے تھے۔

دو کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد کائل ویرین محض 4 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ایک رن بنا کر وکٹ گنوا بیٹھے۔

کائل ویرین کی جلد وکٹ گرنے کے بعد میتھیو بریٹزکے اور ویان مولڈر کے درمیان چوتھی وکٹ کی شراکت میں 131 رنز جوڑے گئے جس سے ٹیم کی پوزیشن مستحکم ہوگئی۔

میتھیو بریٹزکے 150 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جبکہ ان کے بعد ویان مولڈر 64 رنز بنا کر وکٹ گنوا بیٹھے۔ سینوران موتھو سیمی دو رنز بنا سکے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہینری اور ول اورورکی نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ مائیکل بریسویل ایک وکٹ حاصل کر سکے۔


ٹاس

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا۔ کیوی ٹیم میں رچن رویندرا کی جگہ ڈیون کانوے کو شامل کیا گیا جبکہ جنوبی افریقا کی جانب سے 4 کھلاڑیوں کو ون ڈے انٹرنیشنل کیپ دی گئی۔

نیوزی لینڈ کے رچن رویندرا پاکستان کے خلاف پہلے ون ڈے میں ماتھے پر گیند لگنے سے زخمی ہوگئے تھے جس کے باعث انہیں دوسرے میچ کے لیے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔

جنوبی افریقی کپتان ٹیمبا باوما کا کہنا تھا کہ ٹاس جیت جاتے تو بولنگ کو ہی ترجیح دیتے، ٹیم میں زیادہ تر نئے کھلاڑی شامل کیے گئے جو اچھے کھیل کے لیے بے تاب ہیں۔

کیوی کپتان مچل سینٹنر کا کہنا تھا کہ جلد وکٹیں لینے کی کوشش ہوگی، پچ 300 رنز سے زائد والی دکھائی دیتی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں 2008 کے بعد پہلا ڈے ون ڈے انٹرنیشل کھیلا جا رہا ہے۔

نیوزی لینڈ پلینگ الیون:

ول ینگ، ڈیون کانوے، کین ولیم سن، ڈیرل مچل، ٹام لیتھم، گلین فلپس، مائیکل بریسویل، مچل سینٹنر (کپتان)، میٹ ہنری، بین سیئرز اور ول اورورکی۔

جنوبی افریقا پلینگ الیون:

ٹیمبا باوما (کپتان)، میتھیو بریٹزکے، جیسن اسمتھ، کائل ویرین، ویان مولڈر، مہلالی پونگوانا، سینوران موتھو سیمی، ایتھن بوش، جونیئر ڈالا، لونگی نگیڈی اور تبریز شمسی۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.