کھیلتا پنجاب گیمز 2025 کا 30 جنوری کو افتتاح، 2 ہزار کھلاڑی پہنچ گئے

0 3

پنجاب سپورٹس ڈیپارٹمنٹ نے سپورٹس کلچر کی بحالی کی جانب ایک اہم قدم اٹھا لیا، کل 30 جنوری سے کھیلتا پنجاب گیمز 2025 کا افتتاح ہو گا، 2 ہزار کھلاڑی نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس پہنچ گئے۔

صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے پنجاب گیمز کے حوالے سے تمام انتظامات کا جائزہ لیا، وی وی آئی پی، کھلاڑیوں کے انکلوژرز، شائقین کے بیٹھنے کی جگہوں اور سکیورٹی انتظامات کا سٹیڈیم میں خود جاکر معائنہ کیا۔

اس موقع پر ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ کل سے شروع ہونیوالی پنجاب گیمز ایک فیسٹیول سے کم نہیں، وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سپورٹس کلچر کو دوبارہ زندہ کیا جا رہا ہے، سپورٹس کے ایونٹ میں قومی سطح کے تمام معروف ہیروز کو بلایا گیا ہے۔

وزیر کھیل کا کہنا تھا کہ پنجاب گیمز فیسٹیول سے سیکڑوں قابل کھلاڑی ابھر کر سامنے آئیں گے، یہی کھلاڑی عالمی سطح پر ہمارے ملک کی نمائندگی کریں گے، کھیلتا پنجاب گیمز 2025 میں کل سے 12 بین الاقوامی کھیلوں سے میدان سجیں گے۔

فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ بوائز کے 12 اور گرلز کے 7 کھیلوں میں ایتھلیٹکس، کرکٹ، ہاکی، فٹ بال، باسکٹ بال، والی بال، کبڈی، ریسلنگ، ٹیبل ٹینس، تائیکوانڈو، بیڈمنٹن اور تیراندازی وغیرہ شامل ہیں۔

اس موقع پر سیکرٹری سپورٹس مظفر خان سیال، ڈی جی سپورٹس خضر افضال چوہدری نے صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر کو تمام انتظامات پر بریفنگ دی۔

کھیلتا پنجاب گیمز کے فائنل مرحلہ کیلئے پنجاب کے تمام ڈویژن سے 2 ہزار سے زائد کھلاڑی نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس پہنچ گئے۔

سیکرٹری سپورٹس پنجاب مظفرخان سیال اور ڈی جی سپورٹس پنجاب خضرافضال چودھری نے کہا کہ پنجاب کے تمام ڈویژن کے کھلاڑی مارچ پاسٹ کی فل ڈریس ریہرسل بھی کریں گے۔

خضرافضال چودھری نے بتایا کہ گیمز کا افتتاح کل پنجاب سٹیڈیم میں ہوگا، کھلاڑیوں کی سہولت کیلئے 30 جنوری سے 3 فروری تک نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں فوڈز پوائنٹس قائم کر دیئے گئے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.