ملتان ٹیسٹ: پہلے روز کے اختتام پر پاکستان نے ویسٹ انڈیز کیخلاف 4 وکٹ پر 143 رنز بنالیے

0 3

ملتان ٹیسٹ کے پہلے روز کے اختتام پر پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف4 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنا لیے۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ملتان ٹیسٹ کے پہلے روز کا پہلا سیشن دھند کی وجہ سے ضائع ہوگیا، کھانے کے وقفے کے بعد ٹاس ممکن ہوسکا جسے پاکستانی کپتان شان مسعود نے جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا ارادہ کیا مگر یہ فیصلہ اچھا ثابت نہیں ہوا۔

صرف 46 رنز پر چار کھلاڑی ڈیبیو کرنے والے محمد ہریرہ، شان مسعود، کامران غلام اور بابر اعظم پویلین پہنچ گئے۔ بظاہر اسپنر کیلئے تیار کی جانے والی پچ پر چار میں سے تین کھلاڑی ویسٹ انڈین فاسٹ بولر جیڈن سیلز نے آؤٹ کیے، اسپنر گودا کیش کو ایک وکٹ ملی۔

پانچویں وکٹ پر سعود شکیل اور محمد رضوان نے محتاط انداز میں بیٹنگ کی اور جلدی ختم ہونے والے کھیل میں ٹیم کا اسکور چار وکٹ پر 143 رنز تک پہنچایا۔ دونوں نے 97 رنز کی شراکت کے ساتھ اپنی اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں۔

سعود شکیل 56 اور رضوان 51 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.