آفریدی کی بیگم سے ’تُو تُو میں میں‘ ہو جائے تو بیٹیاں کس کا ساتھ دیتی ہیں؟ سابق کرکٹر نے بتا دیا
قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بیٹیوں کے ساتھ اپنی محبت اور ان کے ساتھ رواں رکھے گئے رویے پر بات کی ہے۔
شاہد آفریدی حال ہی میں نجی ٹی وی کے پوڈکاسٹ میں شریک ہوئے جس دوران کرکٹر نے اپنے کیرئیر سمیت مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔
بیٹیوں کی پیدائش سے متعلق کیے گئے سوال پر شاہد آفریدی نے بتایا کہ’جب پہلی بیٹی پیدا ہوئی تو سیلون میں بال بنوا رہا تھا، میرے پاس کال آئی کہ بیٹی پیداہوئی ہے، مجھے آج بھی یاد ہے کہ جب چھوٹے بھائی نے مجھے اقصیٰ گود میں دی تو میرے ہاتھ کانپ رہے تھے، اس کے بعد انشا آئی تب بھی ایسا ہی احساس تھا‘۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ شادی کے بعد اور پھر بیٹیوں کی پیدائش کے بعد میں نے اپنی زندگی کو بدلتے اور بہت بدلتے دیکھا لیکن ماں کی طرح اولاد کیلئے وقت نکالنا باپ کی بھی ذمہ داری ہے، میرے نزدیک آج کل کے حالات میں ماں سے زیادہ باپ کی ذمہ داری بنتی ہے۔
دوران گفتگو شاہد آفریدی نے بیٹیوں سے متعلق ایک دلچسپ بات بتاتے ہوئے کہا کہ ’ اگر بیگم سے کبھی تُو تُو میں میں ہو جائے تو بیٹیاں ماں کے ساتھ بلیوں کی طرح کھڑی ہو جاتی ہیں، پھر میں اہلیہ کو بھی کچھ بھی نہیں کہہ پاتا،کوئی ایک بیٹی میری خاص طور پر پسندیدہ نہیں، سب بیٹیاں پسندیدہ ہیں‘۔
خیال رہے کہ سابق کپتان کی 5 بیٹیاں ہیں جن میں سب سے بڑی بیٹی اقصیٰ ہیں پھر انشا، عجوا، اسمارا اور عروہ ہیں۔