روہت شرما کی شرکت کا معاملہ، افتتاحی تقریب اور کپتانوں کا میڈیا سیشن کہاں ہوگا؟
بھارتی کپتان روہت شرما کے چیمپئنز ٹرافی کی افتتاحی تقریب میں پاکستان آنے کے معاملے پر پی سی بی نے افتتاحی تقریب کے حوالے سے آئی سی سی کو آگاہ کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نےکہا ہےکہ چیمپئنز ٹرافی کی افتتاحی تقریب پاکستان میں ہی ہوگی، افتتاحی تقریب میں تمام ٹیمیں اورکپتان شرکت کریں گے، یہ تقریب بھی تمام آئی سی سی ایونٹس سے مطابقت رکھتی ہے، یہ کسی مخصوص ملک اورکپتان کے لیے نہیں ہے۔
ذرائع پی سی بی کے مطابق ویزوں کے اجراء کی ذمہ داری میزبان ملک کی ہوتی ہے، کھلاڑیوں، آفیشلز ،کمرشل پارٹنرز، میڈیا اور تماشائیوں کے ویزوں کا اجراء کرانا شامل ہے، پی سی بی اپنی اس ذمہ داری کو پوری کرےگا، پاکستان کا دورہ کرنے والے آئی سی سی کے وفد کے لیے بھی ویزوں کے اجراء کی ذمہ داری پوری کی گئی، وفد نےکراچی راولپنڈی اور لاہور کا دورہ کیا، وفد میں تین بھارتی باشندے بھی تھے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ افتتاحی تقریب ممکنہ طور پر 16 یا 17 فروری کو ہوسکتی ہے، افتتاحی تقریب کا انحصار وارم اپ میچز کے شیڈول پر ہے، پی سی بی نے آئی سی سی کو مجوزہ پلان سے آگاہ کردیا ہے، آئی سی سی جائزہ لینے کے بعد رائے دےگا۔
خیال رہے کہ بھارت کی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما کا چیمپئنز ٹرافی سے قبل پاکستان آنے کا امکان ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق روہت شرما چیمپئنز ٹرافی کے فوٹوشوٹ کیلئے پاکستان آسکتے ہیں اور وہ ممکنہ طور پر چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان میں کپتانوں کی پریس کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ چیمپئنز ٹرافی میں شریک آٹھوں ٹیموں کے کپتان ایک پریس کانفرنس اور فوٹو شوٹ کے لیے اکٹھے ہوں گے۔
آئی سی سی کے مطابق ہر ایونٹ سے قبل میزبان ملک میں تمام کپتان اکٹھے ہوتے ہیں۔
چیمپئنز ٹرافی کا آغاز 19 فروری کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے میچ سے ہوگا، ایونٹ میں بھارتی ٹیم 20 فروری کو بنگلا دیش کے خلاف دبئی میں اپنا پہلا میچ کھیلےگی۔