ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز 0-2 سے جیتنا چاہتے ہیں: شان مسعود
پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف 2 ٹیسٹ پر مشتمل آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ پر مشتمل سیریز 0-2 سے جیتیں گے۔
10 ٹیسٹ میچوں میں ٹیم پاکستان کی قیادت کر نے والے بائیں ہاتھ کے بیٹر نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کی۔
شان مسعود کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقا میں سینچورین کا پہلا ٹیسٹ جیت کے قریب پہنچ کر ہارنے کا بے حد افسوس ہے لیکن اس طرح ہمارے ساتھ پہلی بار نہیں ہوا، آسڑیلیا اور بنگلا دیش کے خلاف ٹیسٹ میچوں میں ہماری ٹیم بہترین پوزیشن سے میچ ہار چکی ہے۔
کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں بابر اعظم کے ساتھ پہلی وکٹ پر 205 رنز کی شراکت کے سوال پر کپتان کا کہنا تھا کہ مڈل آرڈر اگر مزاحمت کرتا تو ہم جنوبی افریقا کو فتح کیلئے بڑا ہدف دے سکتے تھے۔
شان مسعود بولے ہمیشہ آگے کی طرف دیکھنا چاہیے، اب ہم ہوم گراؤنڈ پر ویسٹ انڈیز کے مقابلے پر اسپنرز کے ساتھ حکمت عملی کیساتھ میدان میں اتریں گے۔
انگلینڈ کے خلاف جیت پر گفتگو کرتے ہو ئے کپتان نے کہا کہ ملتان میں ایک بار پھر ہم اسپنرز پر انحصار کرینگے، امید کرتے ہیں کہ انگلینڈ کے خلاف جیت کے تسلسل کو آگے لے کر چلیں۔
35 سالہ شان مسعود جنھوں نے پاکستان کیلئے 40 ٹیسٹ کی 76 اننگز میں 30.66 کی اوسط سے 2300 رنز 6 سنچریوں کی مدد سے اسکور کیے، اس توقع کا ظہار کیا ہے کہ ملتان میں پاکستان ٹیم ویسٹ انڈیز کو دو ٹیسٹ کی سیریز میں 0-2 سے ہرانے میں کامیاب رہے گی۔