عبدالرحمان پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے اسپن بولنگ کوچ بن گئے
سابق کرکٹر عبدالرحمان پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے اسپن بولنگ کوچ بن گئے۔
شان مسعود کی قیادت میں ان دنوں پاکستان کرکٹ ٹیم ملتان میں موجود ہے جہاں 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ 17 جنوری سے شروع ہوگا۔
قومی سلیکشن کمیٹی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 15 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے جس میں 3 اسپنرز نعمان علی، ابرار احمد اور ساجد خان کو شامل کیا گیا ہے۔ اب پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کیلئے ٹیسٹ اسپنر عبدالرحمان کی خدمات بطور اسپن بولنگ کوچ حاصل کر لی ہیں۔
بائیں ہاتھ کے ٹیسٹ اسپنر عبدالرحمان جنھوں نے پاکستان کیلئے 2006 سے 2014 تک ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں مجموعی طور پر 140 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
انھوں نے ملتان میں ٹیم پاکستان کو جوائن کر لیا، سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے عبدالرحمان جو اس سال یکم مارچ کو اپنی 45 ویں سالگرہ کا کیک کاٹیں گے۔
وہ اس سے قبل پاکستان خواتین ٹیم کے کوچنگ اسٹاف میں شامل تھے، قومی ٹیم کے ساتھ بحیثیت اسپن بولنگ کوچ عبدالرحمان کا یہ پہلا تجربہ ہے۔