نیوزی لینڈ کی ٹیم نے ناروے کو شکست دے دی
ویمنز فیفا ورلڈ کپ کے شاندار افتتاھ سے شائقین لطف اندوز ہوئے
آکلینڈ(شوریٰ نیوز)نیوزی لینڈ کی ٹیم نے ناروے کو شکست دے دی ،ویمنز فیفا ورلڈ کپ کے شاندار افتتاھ سے شائقین لطف اندوز ہوئے ،ویمنز فیفا ورلڈ کپ کے ابتدائی میچ میں نیوزی لینڈ نے ناروے کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 1-0 سے شکست دے دی۔ ویمنز ورلڈ کپ کے شریک میزبان نیوزی لینڈ کی خواتین فٹ بال ٹیم نے میگا ایونٹ کے اپنے ابتدائی میچ میں ناروے کو پہلی مرتبہ شکست سے دوچار کیا۔آکلینڈ کے ایڈن پارک میں کھیلے گئے گروپ میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کی گول پوسٹ پر بھرپور حملے کئے ۔ میچ کے 48 ویں منٹ میں نیوزی لینڈ کی ہانا والکنسن نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔1995 ء کی عالمی چیمپیئن ناروے کو والکنسن کے گول کے فورا بعد میچ برابر کرنے کا موقع ملا تاہم فریڈا مانم نے ایک شاندار موقع ضائع کردیا۔ 89ویں منٹ میں نیوزی لینڈ کی ریا پرسیوال نے پینلٹی بھی مس کی۔ اس طرح نیوزی لینڈ نے یہ میچ 1-0 سے اپنے نام کرلیا۔میچ کے آغاز پر آکلینڈ میں فائرنگ کے خوفناک واقعہ کے حوالے سے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی، اس موقع پر سٹیڈیم میں جذباتی مناظر دیکھے گئے۔ فیفا ویمنز ورلڈ کپ کے دوسرے شریک میزبان آسٹریلیا نے آئرلینڈ کو 1-0 سے شکست دے کر میگا ایونٹ کا شاندار آغاز کیا۔ سٹیفانے کیٹلے نے واحد گول سکور کیا۔