وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں سرکاری زمینوں پر قابض مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن کا حکم دے دیا۔
مریم نواز نے کسی بھی دباؤ اور سیاسی اثر کو خاطر میں لائے بغیر سرکاری زمینیں واپسی کرانے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر محکمہ جنگلات نے پولیس کے ہمراہ تحصیل خانپور میں بڑی کارروائی کر کے 90 ایکڑ اراضی واگزار کرالی۔
اس دوران قبضہ مافیا نے محکمہ جنگلات کی ٹیم پر حملہ کر کے نقدی اور موبائل فون چھین لئے، سرکاری گاڑی جلانے کی بھی کوشش کی، ٹریکٹر کی بیٹری بھی نکال لی۔
پولیس نے با اثر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے گرفتاری کیلئے چھاپے مارنا شروع کردیئے۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے قبضہ مافیا سے سرکاری زمینیں واگزار کرانے پر محکمہ جنگلات اور پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری زمینوں کا تحفظ حکومت کا فرض ہے، محکمہ جنگلات کی تمام زمین واپس لیں گے، عوام کے تعاون سے آپریشن کامیاب ہوگا۔