وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک کی ترقی کا دارومدار اس کے عوام کی ذہنی صحت پر ہوتا ہے۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے اسلام آباد میں ذہنی صحت کے حوالے سے ایک بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملک کی ترقی میں ذہنی صحت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جسمانی صحت کے ساتھ ساتھ ذہنی صحت کو بھی انتہائی اہم ہے، اس کمی کو پورا کرنے کے لئے فوری اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے تاکہ ذہنی صحت کے مسائل سے نمٹنے کے لیے ایک مضبوط اور مؤثر نظام قائم کیا جا سکے۔
احسن اقبال نے ڈیجیٹل مردم شماری کے حوالے سے بتایا کہ ملک کی آبادی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، جو وسائل پر دباؤ ڈال رہا ہے، انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی کا انحصار وہاں کے لوگوں کی ذہنی صحت پر ہوتا ہے، جسمانی صحت کے ساتھ ساتھ ذہنی صحت پر بھی توجہ دینا انتہائی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 24 کروڑ کی آبادی کے لئے صرف 900 ماہر نفسیات موجود ہیں، جسے بڑھانے کی ضرورت ہے، وفاقی وزیر نے معاشرے میں نفرت، تعصب، اور انتہا پسندی جیسے منفی رویوں کے خاتمے پر زور دیا، جو قوم کی ذہنی صحت اور ملکی استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔