وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور اور حکومت کی مذاکراتی کمیٹی کے رکن رانا ثنا اللہ نے بتایا ہے کہ تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات میں عمران خان کی رہائی کے حوالے سے کوئی پیش رفت یا کوئی گفتگو نہیں ہوئی۔
جمعرات کو حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور ختم ہوا، پی ٹی آئی نے تحریری مطالبات پر عمران خان سے مشاورت کے لیے مزید وقت مانگ لیا۔
حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کے دوسرے دور کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے بتایا کہ حکومت اور تحریک انصاف بات چیت جاری رکھیں گے، تیسری میٹنگ اگلے ہفتے ہوگی۔
بعد ازاں حکومت کی مذاکراتی کمیٹی کے رکن رانا ثنا اللہ نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ مذاکرات میں عمران خان کی رہائی کے حوالے سے کوئی پیش رفت یا کوئی گفتگو نہیں ہوئی، بانی پی ٹی آئی اپنی بات کو بڑھانےکیلئےکہہ رہے ہیں کہ مجھے آفر ہوئی ہے۔
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کا اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ کوئی بیک ڈور چینل نہیں کھلا ہوا، پہلے بھی اُنہیں کسی نے نہیں کہا تھا کہ 15دنوں میں بانی پی ٹی آئی کو رہا کر دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے نہ ہمیں مذاکرات کا کہا گیا ہے نہ روکا گیا ہے، پی ٹی آئی مذاکراتی میز پرآئی ہے تو ہم اس کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
رانا ثنا اللہ کے مطابق مذاکرات میں پی ٹی آئی کے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ آپ ضمانتوں میں حائل نہ ہوں، ہم نے جواب دیا کہ اس پر قیادت سے مشاورت کے بعد بات ہو سکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر آج پی ٹی آئی تحریری مطالبات پیش کر دیتی تو اگلے ہفتے کے اجلاس میں ہم اُس کا جواب دے دیتے کہ کیا ہو سکتا ہے اور کیا نہیں ہو سکتا۔