وزیراعظم شہباز شریف سے افغانستان کے لیے نمائندہ خصوصی محمد صادق خان کی ملاقات کی ہے۔
اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔
صادق خان نے وزیراعظم کو اپنے حالیہ دورہ افغانستان سے متعلق بریفنگ دی۔
اس سے قبل جمعے کو کابینہ اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے افغانستان کو دوٹوک پیغام دیا تھا کہ ایک طرف افغانستان کا تعلقات بڑھانے کا پیغام اور دوسری طرف کالعدم ٹی ٹی پی کو کھلی چھوٹ یہ دو عملی قبول نہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں افغانستان کے لیے نمائندہ خصوصی محمد صادق خان نے کابل کا دورہ کیا تھا اور افغان اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کی تھیں۔
اس دوران غیر ملکی خبر ایجنسی اور ارشد عزیز ملک نے خبر دی تھی کہ پاکستان نے افغان صوبے پکتیکا میں فضائی کارروائی کر کے اہم کمانڈرز سمیت 71 سے زائد خوارج کو ہلاک کردیا۔
25 دسمبر کو افغان وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا تھاکہ افغان حکومت نے پاکستان کے ناظم الامور کو طلب کر کے احتجاج کیا ہے، پاکستان کی بمباری سے 46 افراد کی ہلاکت کے خلاف باضابطہ احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔