کرم میں امن و امان کی صورتحال، گرینڈ جرگے میں آج حتمی فیصلے پر دستخط متوقع

0 2

خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں امن و امان کی صورتحال کے لیے کوہاٹ میں گرینڈ امن جرگے میں آج حتمی فیصلے پر دستخط متوقع ہیں۔

گرینڈ امن جرگے کے ذرائع کے مطابق سب کچھ طے ہو چکا ہے، دستخط کا عمل بھی آج مکمل ہونے کا امکان ہے۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ کرم کے شہریوں کو درپیش مشکلات کا بخوبی احساس ہے، کرم کےعوام کی مشکلات کم کرنےاور ریلیف دینے کیلئے تمام وسائل بروئےکار لا رہے ہیں۔

کرم مسئلےکے پرامن اور قابل قبول حل کی کوششیں کر رہے ہیں: وزیراعلیٰ کے پی
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ صوبائی حکومت کی کوشش ہے کہ کرم کے عوام کو درپیش مسائل جلد حل ہوں، امید ہےکہ جلد کرم کےمسئلےکا پرامن حل نکل آئےگا اور زندگی معول پرآئےگی۔

وزیر اعلیٰ کے پی کا کہنا تھا کرم مسئلےکے پرامن اور فریقین کیلئےقابل قبول حل کی کوششیں کر رہے ہیں، فریقین اور علاقہ عمائدین امن کی خاطر صوبائی حکومت کی کوششوں کا ساتھ دیں، جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کا قیام صوبائی حکومت کی اولین ذمےداری ہے۔

خیال رہے کہ کرم میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر پارا چنار پشاور مرکزی شاہراہ اور دیگر راستے ڈھائی ماہ سے بند ہین، اپر کرم کو ہر قسم کی سپلائی معطل ہے جبکہ پاک افغان سرحد بھی ڈھائی ماہ سے بند ہے۔

ضلع کرم میں اشیائے ضروریہ کا فقدان ہو گیا ہے جبکہ ہوٹل اور دیگر کاروباری مراکز 3 ہفتوں سے بند ہیں۔

راستوں کی بندش کے خلاف کرم پریس کلب پر احتجاجی دھرنے کا آٹھواں روز ہے جبکہ ضلع کرم کے 5 مقامات پر دھرنے جاری ہیں۔

دھرنا انتظامیہ کا کہنا ہے کہ راستے کھولنے اور خوراک و علاج کا بندوبست نہیں کیا جا رہا، صوبائی حکومت صرف تردیدی بیانات تک محدود ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.