ن و القلم ادبی فورم کے زیراہتمام نعتیہ مشاعرہ کا انعقاد
ڈاکٹر منور ہاشمی میر مجلس ،انجم خلیق مہمان خصوصی جبکہ وفا چشتی اور عاشروکیل بطور مہمانِ اعزاز شریک ہوئے
اسلام آباد(شوریٰ نیوز) ن و القلم ادبی فورم کے زیراہتمام نعتیہ مشاعرہ کا انعقاد، ڈاکٹر منور ہاشمی کے زیرصدارت مشاعرہ میں انجم خلیق مہمان خصوصی جبکہ وفا چشتی اور عاشروکیل رائو بطور مہمانِ اعزاز شریک ہوئے نظامت کے فرائض ن و القلم ادبی فورم کے مرکزی صدر سید فدا حسنین شیرازی نے ادا کئے ۔قاری غلام مہدی نے تلاوت کلامِ مجید کی سعادت حاصل کی ۔ معروف ٹی وی اینکر و نعت خواں تصور زمان بابر نے مترنم آواز میں ادیب سہارنپوری کی لکھی ہوئی نعت پیش کی۔ نعتیہ مشاعرہ میں سامعین سید التجا کاظمی، تصور حسینی، سیدخرم ماجد،ارم شہزاد سمیت سامعین کی بھی کافی تعداد موجود تھی۔ ملک بھر کے نامور شعرا ء میر مجلس ڈاکٹر منور ہاشمی، مہمانِ خصوصی انجم خلیق ، مہمانانِ گرامی وفا چشتی ، عاشروکیل رائو،عبدالقادر تاباں، ڈاکٹر شاکر کنڈان، نیئر سرحدی، ڈاکٹر کاشف عرفان، اطہر ضیا، سید فداحسنین شیرازی ،رضوان حیدر رضوان و دیگر نے نذرانہ عقیدت پیش کیا اور مدحت سرورِ کائنات ، سرکارِ دوعالم، فخر موجودات، ختم الرسل، مولائے کل سیدنا احمد مجتبیٰ،محمد مصطفیٰ ﷺ کی سعادت حاصل کی یہ مترنم و پُرفضا محفل شام کے سائے ڈھلنے تک جاری رہی، گلہائے عقیدت کے رنگ قوس قزح کے خوبصورت رنگوں کی طرح چہار سو بکھیرے جاتے رہے اور عشقِ رسول مقبول ﷺ کے باعث رحمتوں اور برکتوں سے جھولیاں بھرتے رہے۔آخر میں ن والقلم ادبی فورم اسلام آباد کی جانب سے شرکاء کو عشائیہ دیا گیا۔