پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی نے نوشہرہ گرڈ سٹیشن پر دھاوا بول دیا، عملے کو زدو کوب کیا اور زبردستی فیڈرز چلا دیئے۔
پیسکو کے ذرائع کے مطابق ایم این اے ذوالفقار علی اور ایم پی اے زر عالم خان نے کھنڈر گرڈ سٹیشن نوشہرہ پر دھاوا بولا ان کے ہمراہ 200 کے لگ بھگ مشتعل مظاہرین بھی تھے۔
پیسکو ذرائع کے مطابق ایم این اے اور ایم پی اے نے سٹاف کو زدوکوب کیا اور زبردستی فیڈرز آن کئے اور لوڈمینجمنٹ کی صورت میں مظاہرین کی مدد سے گرڈ کا کنٹرول سنبھالنے کی دھمکیاں بھی دیں۔
پیسکو ذرائع کا کہنا ہے کہ رسالپور سب ڈویژن سے منسلک خیشیگی ٹاؤن فیڈر، خیشیگی ایکسپریس فیڈر، خیشیگی ٹیوب ویل فیڈر، بہرام کلے فیڈر اور پرانا بارہ بانڈا فیڈر کو زبردستی چالو کرایا گیا، جس کی وجہ سے بجلی کی ترسیل کا تناسب بگڑنے سے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی اور کئی علاقے گھنٹوں تک تاریکی میں ڈوبے رہے۔
پیسکو حکام کے مطابق ممبران اسمبلی کی جانب سے گرڈ سٹیشن میں موجود عملے کو دھکمیاں بھی دی گئیں، چند روز قبل بھی پبی گرڈ سٹیشن پر دھاوا بولنے پر ذوالفقار علی کے خلاف مقدمے کے اندراج کیلئے متعلقہ تھانے میں درخواست جمع کرائی جا چکی ہے۔
پیسکو حکام نے مزید بتایا کہ کھنڈر گرڈ سٹیشن نوشہرہ پر دھاوا بولنے پر بھی ممبران اسمبلی کے خلاف مراسلہ متعلقہ تھانے میں جمع کرا دیا گیا ہے۔