عمران خان کی ہدایت پرپی ٹی آئی کا فواد چوہدری سے لاتعلقی کا اظہار

0 8

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے عمران خان کی ہدایت پر فواد چوہدری سے لاتعلقی کا اظہار کردیا ہے۔

 

پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ آج اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات ہوئی جہاں انہوں نے فواد چوہدری سے اعلانیہ لاتعلقی کا اظہار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری اپنی رائے پی ٹی آئی کے مؤقف کے طور پر پیش کرنے کے مجاز نہیں۔ پارٹی فواد چوہدری سے مکمل طور پر لا تعلقی کا اعلان کرتی ہے۔

 

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم واضح کرتے ہیں فواد چوہدری کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں، وہ میڈیا، سوشل میڈیا، ٹی وی پر پاکستان تحریک انصاف کی نمائندگی نہیں کرسکتے۔

 

پی ٹی آئی کے رہنما شعیب شاہین نے بھی بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان نے واضح کیا ہے جو بھگوڑے پارٹی چھوڑ گئے ان کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں۔

 

بعدازاں، پی ٹی آئی کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ جاری بیان میں کہا گیا کہ ’اڈیالہ جیل میں آج بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ہمارے وکلاء کی ملاقات ہوئی جس میں ملکی سیاسی صورتحال، پارٹی امور اور آئندہ کے لائحۂ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا‘۔

 

’ملاقات کے بعد بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے جماعتی سرگرمیوں اور آئندہ کے لائحۂ عمل کے حوالے سے بذریعہ وکلاء آج خصوصی احکامات دیے اور جماعت سے علیحدگی کا اعلان کرنے والے چوہدری فواد حسین سے اعلانیہ لاتعلّقی کے اظہار کی ہدایات دیں‘۔

 

’چنانچہ خان صاحب کی ہدایات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف چوہدری فواد حسین سے مکمل طور پر لاتعلّقی کا اعلان کرتی ہے اور واضح کرتی ہے کہ چوہدری فواد حسین کا پاکستان تحریک انصاف سے ہرگز کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی وہ میڈیا، سوشل میڈیا اور ٹی وی ٹاک شوز پر پاکستان تحریک انصاف کی نمائندگی کرنے یا پاکستان تحریک انصاف کی ایماء پر بیانیہ بنانے یا اپنی کسی رائے کو پاکستان تحریک انصاف کے مؤقف کے طور پر پیش کرنے کے مجاز ہیں‘۔

 

واضح رہے کہ فواد چوہدری 9 مئی واقعات کے بعد پی ٹی آئی سے الگ ہوگئے تھے تاہم کچھ عرصہ بعد انہوں نے تحریک انصاف میں واپسی کے لیے کوششیں کیں۔ اب وہ ٹی وی اسکرین اور سوشل میڈیا کے ذریعے اپنا تعلق تحریک انصاف کے ساتھ جوڑ رہے تھے۔

 

کچھ روز قبل انہوں نے کہا تھا کہ عمران خان اور تحریک انصاف کو چاہیے کہ وہ افراد کے بجائے ایشوز پر توجہ دیں۔

 

پی ٹی آئی کی جانب سے لاتعلقی کے اعلان پر فواد چوہدری نے ایکس پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ ’ایک سابق آئی بی انفارمر جس نے حال ہی میں تحریک انصاف میں بطور ایجنٹ شمولیت کی، اس نے کہا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ میرا پی ٹی آئی سے کوئ تعلق نہیں، مجھے عمران خان کاپیغام ملا ہے کہ ان جیسے لوگوں کے منہ نہیں لگنا اور ان کا کوئی جواب نہیں دینا، یہ لوگ عمران خان کو جیل میں رکھ کر پارٹی کر رہے ہیں، فوج کی شہادتوں کا مذاق اڑا کر عمران خان کی جیل لمبی کروا رہے ہیں‘۔

 

فواد چوہدری نے کہا کہ ’ہماری ہمدردیاں عمران خان کے ساتھ ہیں اور رہیں گی اس ملک کو توڑنے کی سازشوں کو ناکام بنانا ہے اور سیاسی تقسیم کم کرنی ہے ورنہ یہ سازشی اپنے دو کلو گوشت کیلئے پورا ملک اور عمران خان کی سیاست تباہ کر دیں گے‘۔

 

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.