سردی نے دانت بجا دیے، تالاب اور سڑکوں پر جمع پانی جم گیا، بارش کا امکان
ملک بھر میں کڑکڑاتی سردی نے دانت بجا دیے۔ بالائی علاقوں میں ہرطرف برف ہی برف ہے جبکہ گلگت بلتستان میں پارہ منفی دس تک گر گیا اور آبشاریں اور جھیلیں بھی جم گئیں۔
کراچی تا چترال، موسم سرما جوبن پر آگیا ہے، گلگت بلتستان کے بالائی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں، غذر میں منفی دس کی سردی سے آبشار، جھیل اور پانی کی لائنیں جم گئیں۔
غذر کی مشہور خلتی جھیل بھی جم گئی، جسے دیکھنے سیاحوں کی بڑی تعداد امڈ آئی اور بچوں نے خوب ہلہ گلہ کیا۔
لیہہ میں سب سے زیادہ سردی منفی تیرہ کی پڑی، اسکردو میں منفی گیارہ، گوپس میں درجہ حرارت منفی نو ریکارڈ کیا۔
پہاڑوں پر ہلکی برفباری سے وادی کاغان کا حسن نکھر آیا، سیاح برف کا نظارہ کرنے شوگران پہنچ گئے۔
سوات کے بالائی مقامات مالم جبہ اور کالام میں برفباری سے پارہ نقطہ انجماد سے نیچے گرگیا ہے، بلوچستان میں بھی سرما انتہا پر ہے، کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی پانچ، قلات میں منفی چھ تک پہنچا تو تالاب اورسڑکوں پرجمع پانی جم گیا۔
کراچی کا موسم بھی مزید سرد ہوگیا ہے، جہاں رات کو درجہ حرارت نو ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا اور صبح سویرے درجہ حرارت گیارہ ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم آج بھی سرد رہے گا جبکہ پنجاب میں کل سے بارش ہوسکتی ہے۔