انتشاری ٹولہ انقلاب نہیں، خون ریزی چاہتا ہے: وزیراعظم کی رینجرز اہلکاروں پر حملے کی شدید مذمت

0 2

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے رینجرز اور پولیس اہلکاروں پر احتجاجیوں کے گاڑی سے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے گاڑی سے کچلے گئے رینجرز اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے شہید اہلکاروں کے بلند درجات اور اہل خانہ کے لیے صبر کی دعا کی ہے۔

وزیراعظم نے واقعے میں ملوث افراد کی نشاندہی کر کے انہیں قرار واقعی سزا دلوانے، زخمی رینجرز اور پولیس اہلکاروں کو بہترین طبی سہولتیں دینے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ نام نہاد پرامن احتجاج کی آڑ میں پولیس اور رینجرز اہلکاروں پر حملے قابل مذمت ہیں، انتشاری ٹولہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دانستہ طور پر نشانہ بنا رہا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پولیس اور رینجرز کے اہلکار شہر میں امن و امان کے نفاذ کے لیے مامور ہیں، انتشاری ٹولے کے ہاتھوں یکیورٹی اہلکاروں کے خاندانوں کی زندگیاں تباہ کردی گئیں۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ انتشاری ٹولہ کل پولیس اہلکار اور آج رینجرز اہلکاروں کے بچوں اور اہلخانہ کو جوابدہ ہے، انتشاری ٹولہ انقلاب نہیں، خون ریزی چاہتا ہے، یہ پرامن احتجاج نہیں اور شدت پسندی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کسی بھی انتشار اور خون ریزی کا متحمل نہیں ہو سکتا، مذموم سیاسی مقاصد کے لیے خون ریزی ناقابل قبول اور انتہائی قابل مذمت ہے، مجھ سمیت پوری قوم شہید رینجرز اور پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.