چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ ان کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے اہم ملاقات ہوئی ہے جس میں انہوں نے احتجاج کو فائنل کال ہی قرار دیا ہے۔بانی پی ٹی آئی عمران خان سے پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر اور ترجمان کے پی حکومت بیرسٹرسیف نے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی جو تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہی۔
عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ میری بانی پی ٹی ائی سے اہم ملاقات ہوئی ہے، بانی پی ٹی آئی کی احتجاج کی کال فائنل ہے اور احتجاج کال آف والی بات نہیں ہے۔
مذاکرات سے متعلق سوال پر چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا جی اس پر آپ کو ان شاءاللہ بتائیں گے، مذاکرات چل رہے ہیں۔خیال رہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے عمران خان کی کال پر احتجاج کیا جا رہا ہے، عمران خان نے 24 نومبر کو اسلام آباد کی جانب مارچ کی کال دی تھی۔
تحریک انصاف کا قافلہ گزشتہ روز صوابی سے وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور کی قیادت میں اسلام آباد کے لیے روانہ ہوا تھا، پی ٹی آئی کے قافلے میں عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے علاوہ پی ٹی آئی رہنما اور کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود ہے۔