بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ کے سعودی عرب سے متعلق تبصرے پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کا بیان سامنے آگیا۔
صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور سعودیہ عرب دیرینہ دوست اور بھائی ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات باہمی احترام پر مبنی ہیں، پاکستان سعودی عرب کی ترقی و خوشحالی کے سفر کا بے حد معترف ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستانی عوام سعودی عرب کے ساتھ اپنے قریبی تعلقات پر فخر محسوس کرتے ہیں کیونکہ سعودی عرب نے پاکستان کی ہر مشکل وقت میں مدد کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپنی سیاست چمکانے اور پوائنٹ اسکورنگ کی غرض سے پاکستان کے اندرونی معاملات کے حوالے سے سعودی عرب پر مذموم الزام تراشی افسوسناک امر اور مایوس کن ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ تمام سیاسی قوتوں کو اپنے معمولی سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے پاکستان کی خارجہ پالیسی پر سمجھوتہ کرنے سے باز رہنا چاہئے۔