ملکی ترقی کیلیے امن و امان کی صورتحال کو بحال رکھنا انتہائی لازمی ہے، وزیراعلیٰ سندھ

0 3

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ ملک کی ترقی کے لیے امن و امان کی صورتحال کو بحال رکھنا انتہائی لازمی ہے اور اس حوالے سے کراچی سیف سٹی پروجیکٹ فیز ون کی پیشرفت بہت بہتر ہے۔

ڈی جی سندھ سیف سٹی اتھارٹی آصف اعجاز شیخ نے کراچی سیف سٹی پروجیکٹ کے فیز ون سے متعلق رپورٹ وزیراعلیٰ سندھ کو پیش کی جس میں بتایا گیا کہ شہر بھر میں 300 میں سے 157 پول سائٹس کو کامیابی سے انسٹال کیا جا چکا ہے جبکہ 20 کھمبے اس کام کے لیے متحرک ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سیف سٹی پروجیکٹ کے تحت فیزز میں صوبے کے تمام شہروں کو مکمل طور پر محفوظ بنایا جائے گا، ہمارا مقصد عوام کو تحفظ دینے کے ساتھ جرائم پیشہ افراد کو قانونی گرفت میں لانا ہے۔

بریفنگ میں وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ 100 کیمرے کام کر رہے ہیں اور سی پی او کنٹرول روم اور سندھ سیف سٹی اتھارٹی ہیڈکوارٹر سے مانیٹر کیے جا رہے ہیں، 5 ایمرجنسی ریسپانس وہیکلز (ای آر ویز) لیس اور تعیناتی کے لیے تیار ہیں۔

کمانڈ سینٹر کے آلات کی تنصیب کا کام جاری ہے جبکہ سندھ سیف سٹی اتھارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک مانیٹرنگ روم قائم کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ آئیڈیاز 2024 کے ایونٹ کی سیکیورٹی ہمارے لیے بہت اہم ہے۔ شارع فیصل، ایکسپو سینٹر، ایئرپورٹ اور سوک سینٹر کے ارد گرد سیکیورٹی کی بہتر نگرانی کے لیے سسٹم مکمل فعال ہے۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.