پنجاب میں ملکی تاریخ کے پہلے ’’چیف منسٹر ڈائیلسز پروگرام کارڈ‘‘ کی منظوری

0 2

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ملکی تاریخ کے پہلے ’’چیف منسٹر ڈائیلسز پروگرام کارڈ‘‘ کی منظوری دے دی جس کے تحت ڈائیلسز کے مریض کے علاج کے لیے فنڈز 10 لاکھ تک بڑھا دیے گئے۔

صوبے میں امراض گردہ میں مبتلا ہر مریض کے لیے ساڑھے آٹھ لاکھ ڈائیلسز اور ڈیڑھ لاکھ ٹیسٹ وغیرہ کے لیے مختص کیے گئے۔ ڈائیلسز مریضوں کے لیے مفت ادویات اور ٹیسٹ یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں ہیلتھ پروگرام اور پراجیکٹس پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ دیگر صوبوں کے مریض بھی مفت ڈائیلسز کی سہولت سے فیض یاب ہو رہے ہیں، پنجاب سے فری ادویات سندھ، بلوچستان اور دیگر صوبوں میں جا رہی ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے مریضوں کا ڈائیلسز ہر صورت جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے جبکہ پنجاب میں مزید ڈائیلسز یونٹ قائم کرنے پر اصولی اتفاق بھی کیا گیا۔

پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو ڈائیلسز سینٹر میں ایس او پیز عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ صوبے بھر میں ڈائیلسز سینٹرز کی کڑی مانیٹرنگ کا حکم بھی دیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف ملتان میں ڈائیلسز مریضوں میں ایڈز پھیلنے کے واقعے پر سخت برہم ہوئیں۔ انہوں نے 24 گھنٹے میں رپورٹ طلب کر لی۔ مریم نواز نے کہا کہ ڈائیلسز کے مریضوں میں ایڈز پھیلنا افسوسناک ہی نہیں، شرمناک بھی ہے۔ فنڈز نہ ہونے کے عذر پر ڈائیلسز رکنا افسوسناک ہے، جاری رہنا چاہیے۔

اجلاس میں محکمہ صحت کی کارکردگی کے تعین کے لیے کے پی آئی مقرر کرنے پر اتفاق کیا گیا جبکہ نواز شریف کینسر اسپتال پر پیش رفت کی رپورٹ پیش کی گئی جس کے بعد ہیڈ مقرر کرنے کی ہدایت کی گئی۔

پی آئی سی ٹو اور نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کی زیر تکمیل پراجیکٹ پر رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پی آئی سی ٹو کو اسٹیٹ آف آرٹ اسپتال بنانے کی ہدایت کی۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ امراض قلب کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی، آلات اور میڈیسن لائی جائیں۔ اسپشلسٹ ڈاکٹرز کی جدید ترین ٹریننگ کرائی جائے، ماسٹر ٹرینر تعینات کیے جائیں۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.