وزیر دفاع خواجہ آصف نےکہا ہے کہ عمران خان کے لیے اتنا ہی ڈو اور ڈائی کا مسئلہ ہے تو اپنے بچے بھی احتجاج میں لائيں۔
سیالکوٹ میںمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نےکہا کہ بشریٰ بی بی بھی اپنے بچے لےکر آئيں اور انہیں پہلی صف میں کھڑا کریں، تاکہ عوام کو بھی پتہ چلے کہ بانی پی ٹی آئی کا بھی کچھ داؤ پر لگا ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے لوگ ڈبل ایجنٹ ہیں، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امن گنڈاپور عوام کو چھوڑ کر بھاگ جاتے ہیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی قیادت میں پی ٹی آئی دو مرتبہ وفاق پرحملہ آور ہوئی، علی امین گنڈاپور دونوں بار کارکنوں کو چھوڑ کر بھاگ گئے تھے۔ اب بھی آکر دیکھ لیں ان سے نمٹ لیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی صرف اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات چاہتے ہيں، ہماری طرف سے تو مذاکرات کی پیش کش موجود ہے۔