کراچی :دفاعی نمائش آئیڈیاز2024 کا کراچی ایکسپو سینٹر میں 19 نومبر سے آغازہوگا، وزیراعظم شہباز شریف افتتاح کریں گے۔
ہر دو سال بعد ہونیوالے اس 12ویں انٹرنیشنل ڈیفنس ایگزیبیشن اینڈ سیمینار میں پاکستان اور دوست ممالک کی دفاعی مہارتوں، آلات، ٹیکنالوجی کی نمائش کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں۔
ذرائع کے مطابق دنیا کے55 ملکوں سے 550 سے زائد نمائش کنندگان سٹالز لگائیں گے، ترکیہ اور چین بھاری موجودگی کیساتھ شرکت کر رہے ہیں، ایران،اٹلی،برطانیہ پہلی بار نمائش میں شریک ہونیوالوں میں شامل ہیں، نئے شرکاء کو پانچ ہزار سے زائد مہمانوں کی خصوصی توجہ ملنے کا امکان ہے۔
ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن (ڈیپو) کے زیر انتظام دفاعی نمائش 19 سے 22 نومبر جاری رہے گی۔
میڈیا بریفنگ کے دوران ڈیپو کے ڈائریکٹر کوآرڈینیشن بریگیڈیئر علی عادل اور ڈائریکٹر میڈیا کموڈور اعتزاز خالد نے کہا کہ نمائش کی افتتاحی تقریب کے بعد دفاعی صنعتوں پر اہم سیمینار اور میٹنگز ہوں گی۔
رواں ایڈیشن میں ماضی کے برعکس زیادہ مندوبین ومبصرین شریک ہوںگے،لوکل پاکستانی کمپنیاں بھی نئی مصنوعات متعارف کرائیں گی۔
انھوں نے کہا کہ ایکسپو سنٹر کے دو ہال ترکش کمپنیوں اورایک چائنا کیلیے مختص ہے، جے ایف 17 طیارے سمیت دیگر ہتھیار نمائش میں رکھے جائیں گے،نمائش میں عالمی دفاعی صنعت کی جدید ترین ٹیکنالوجی ایک ہی چھت تلے دیکھنے کو ملے گی۔
نمائش میں شرکت کرنیوالے غیر ملکی وفود میں وزرائے دفاع، وزراء اور آرمی چیفس شامل ہیں۔
انھوں نے کہا کہ نمائش کیلیے کراچی ایکسپو سنٹر نے گنجائش سے بکنگ ہو ئی ، چار روزہ نمائش میں متعدد سرگرمیاں اور تقریبات شامل ہوں گی،21 نومبرکو سی ویو پرڈرلزکے علاوہ ایک خصوصی کراچی شوکا انعقاد ہو گا جس میں پاک فضائیہ کی جانب سے فلائی پاسٹ کا شاندارمظاہرہ پیش کیاجائیگا۔
ادھر ڈی آئی جی ٹریفک احمد نواز چیمہ نے کہا کہ نمائش کے پیش نظر ایکسپو سنٹر کے اطراف ٹریفک منیجمنٹ پلان غیرملکی وفود کی سکیورٹی کومد نظررکھ کر بنایا گیا ہے، صبح سے شام7 بجے تک سرشاہ سلیمان روڈ اوریونیورسٹی روڈ آغاخان ٹریفک کیلیے بند رہیں گے۔