اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواست مسترد کرنے کا احتساب عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے ٹرائل کورٹ کو دونوں درخواستوں پر دربارہ فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستوں پر 9 صفحات کا فیصلہ جاری کردیا۔چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے پٹیشنرز کی بریت درخواستیں مسترد کرنے کے ٹرائل کورٹ کے 2 احکامات کالعدم قرار دے دیے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصلے میں لکھا کہ ٹرائل کورٹ بریت کی دونوں درخواستوں پر دوبارہ فیصلہ کرے۔ عدالت نے مزید کہا کہ نیب پراسیکوٹر نے کہا ٹرائل آخری اسٹیج پر پہنچ چکا ہے، نیب نے مؤقف دیا کہ عدالتی نظیروں کے مطابق بریت کی درخواست اس اسٹیج پر قابل سماعت نہیں۔
خیال رہے کہ احتساب عدالت نے بریت کی درخواستیں مسترد کردی تھیں جنہیں اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا۔